اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی حضرت محمدﷺ کو دونوں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا، عبد القدیر اعوان

اتوار 17 دسمبر 2017 20:16

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی عبد القدیر اعوان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی حضرت محمدﷺ کو دونوں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا اور ان کا ذکر بلند کیا ہے جبکہ سیرت طیبہ پر لکھی گئی کتابیں بہترین سرمایہ ہیں ان سے استفادہ کرنا چاہیے۔ ادبی تنظیم ’’روش‘‘ کے زیر اہتمام ہونہار طالبہ مہوش شریف کی کتاب ’’سیرت مصطفیﷺ‘‘ کی تقریب پذیرائی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمدﷺ کا اسوہٴ حسنہ ہمارے لیے بہترین مشعل راہ ہے۔

تقریب کی صدارت پروفیسر شیخ سلیم اقبال نے کی۔ مؤلفہ مہوش شریف مہمان خصوصی تھیں۔ غزالی نے نقابت کی۔صدر تقریب پروفیسر شیخ سلیم اقبال، قاری سردار محمد، بشیرربانی، تبسم بٹالوی، پروفیسر ادریس چوہان، شہباز یوسف، امجد بابر، حکیم اسلم قمر، صوفی اصغر علی، صدیق نجمی، خالد انصاری، ظفر اقبال بادل، فاروق عابد، محمد احسن، میاں رضوان افضل، رانا سعید خان منج اور دیگر اہل قلم نے طالبہ کو سیرت نبیﷺ پر کتاب شائع کرنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

صدر تقریب نے کہا کہ سیرت طیبہ پر تحقیق کر کے لکھنا بہت بڑی سعادت ہے۔ پروفیسر ادریس چوہان نے کہا کہ بیٹی مہوش نے قابل قدر کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ بشیرربانی، شہباز یوسف اور امجد بابر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت اور درِ مصطفیﷺ سے منظوری سے ہی اس اہم اور مقدس موضوع پر کچھ لکھا جا سکتا ہے۔ مہوش شریف نے بتایا کہ سیرتِ مصطفیﷺ کے حوالے سے معلومات انمول خزانہ ہے جسے دوسروں تک پہنچانا میرا ایک خواب تھا جو بہت کوششوں سے پورا ہوا ہے۔

میں نے کلاس ہشتم سے یہ عظیم کام شروع کیا اور بی ایس سی تک مکمل ہو سکا ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے قبول فرما ئے۔ قاری سردار محمد، تبسم بٹالوی اور غزالی نے خراج تحسین کے طور پر لکھی نظمیں طالبہ کو پیش کیں۔ غزالی آرٹسٹ نے اپنا ایک فن پارہ مہوش شریف کو پیش کیا۔