تبدیلی کا حقیقی سر چشمہ عوام ہیں ،عوامی فیصلوں کی مخالفت سے نفرت پھیلتی ہے،وزیرمملکت محمد جنید انوار چوہدری

اتوار 17 دسمبر 2017 20:16

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ تبدیلی کا حقیقی سر چشمہ عوام ہیں ،عوامی فیصلوں کی مخالفت سے نفرت پھیلتی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے چار سالوں کے دوران جتنے عوامی منصوبے مکمل کئے ،قیام پاکستان سے لیکر موجودہ دور تک انکی مثال نہیں ملتی ،اسی جرم کی پاداش میں آج ہماری حکومت کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں ،مگر یہ سازشی ٹولہ مکمل طور پر ناکام ہوگا ،اور آئندہ آنے والے الیکشن میں عوام حقیقی جمہوری طاقتوں کو منتخب کرکے یہ ثابت کردیں گے کہ پاکستانی عوام اپنے فیصلے ووٹ کی طاقت سے کرنا چاہتے ہیں ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر چوہدری امجد علی جاوید نے کہا کہ سابق حکمرانوں کے غلط فیصلوں کی بناء پر ملک کو وہ دن دیکھنے پڑے کہ جب وطن عزیز دو لخت ہوا ،اس لئے اب ہمیں چاہیے کہ ہم عوامی فیصلوں کا احترام کریں ،اور لوگوں کو اپنے فیصلے ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہی کرنے دیں ،تاکہ جمہوری عمل کامیابی کے ساتھ چل سکے ،اور پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہوسکے ۔