اے ٹی ایم سے دھوکہ د ہی سے رقوم نکلوانے کے جرائم کے خلاف بڑی کارروائیوں کے باوجود ایف آئی اے ناکام

کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی شہری لاکھوں روپے سے محروم جرائم پیشہ عناصر نے پولیس اہلکاروں کو بھی نہ بخشا کئی روز گزرنے کے باوجود وفاقی پولیس بھی اپنے ساتھی اہلکار کے کیس کو آگے نہ بڑھا سکی

اتوار 17 دسمبر 2017 20:14

اے ٹی ایم سے دھوکہ د ہی سے رقوم نکلوانے کے جرائم کے خلاف بڑی کارروائیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) اے ٹی ایم سے دھوکہ دہی کے ذریعے رقوم نکلوانے کے جرائم کے خلاف بڑی کارروائیوں کے باوجود ایف آئی اے اس کی روک تھام میں ناکام ہو کر رہ گئی کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی شہری لاکھوں روپے سے محروم ہوگئے۔ جرائم پیشہ عناصر نے پولیس اہلکاروں کو بھی نہ بخشا کئی روز گزرنے کے باوجود وفاقی پولیس بھی اپنے ساتھی اہلکار کے کیس کو آگے نہ بڑھا سکی۔

تفصیلات کے مطابق اے ٹی ایم مشینوں سے دھوکہ دہی کے ذریعے رقوم نکلوانے کے بڑھتے جرائم نے شہریوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔ کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی جرائم پیشہ عناصر نے اپنے قدم جمانا شروع کردیئے ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے گزشتہ دنوں اس قسم کے جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا تھا تاہم اس کے باوجود بھی اس قسم کی وارداتوں میں کمی واضح نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چند روز قبل وفاقی پولیس کے اہلکار سب انسپکٹر اورنگزیب کے اکائونٹ سے نامعلوم ملزمان نے بذریعہ اے ٹی ایم ایک لاکھ روپے نکلوا لیے۔ جس کا مقدمہ سب انسپکٹر اورنگزیب کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج کرلیا گیا۔ اس حوالے سے مقدمے کے تفتیشی افسران نے ایف آئی اے سے بھی رابطہ کیا تاہم کسی قسم کی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔

مدعی نے تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ کی درخواست میں بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے اس کے UBL آبپارہ مارکیٹ برانچ سے اس کے اکائونٹ سے رقم ایک لکھ روپے نکلوا لی ہے۔ مدعی نے بتایا کہ اس نے بنک میں اپنے اکائونٹ میں رقم کل پائی تو بنک سے معلومات لی گئیں تو معلوم ہوا کہ بذریعہ اے ٹی ایم ایک لاکھ روپے کی رقم نکلوائی گئی ہے جس پر مدعی نے بنک کو اس رقم کے نکلوانے سے لاعلمی کا اظہار کیا اور تھانہ آبپارہ میں بنک اور اے ٹی ایم کی رسیدوں کے ہمراہ درخواست دی جس پرآبپارہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

لیکن 6 روز گزرنے کے پولیس اور ایف آئی اے مجرم کا سراغ لگانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ایف آئی اے اسلام آباد نے راولپنڈی سے اس قسم کے جرائم میں ملوث چند افراد کو گرفتار کیا تھا اور شہریوں کو اس حوالے سے مزید محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی لیکن اس کے باوجود جرائم کی روک تھام نہیں ہوسکی۔

متعلقہ عنوان :