ملک میں منفی فضا پیدا کرنے اور انتخابات کے التواء کی افواہیں پھیلانے میں بھی سیاستدان ہی ملوث ہیں،سینیٹرفرید احمد پراچہ

اتوار 17 دسمبر 2017 20:13

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور سابق سینیٹرفرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ ملک میں منفی فضا پیدا کرنے اور انتخابات کے التواء کی افواہیں پھیلانے میں بھی سیاستدان ہی ملوث ہیں حالانکہ جن مسائل کی وجہ سے وہ انتخابات کے التواء کی باتیں کررہے ہیں ان مسائل کا حل بھی سیاستدانوں کے پاس ہی موجود ہے۔

مسلم لیگ ن فاٹا بل کو اسمبلی میں نہ لاکر خود انتخابات کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ڈسٹرکٹ بار کے سابق صدر خالد محمود تہامی اور سینئر صحافی عابد تہامی کے والد محترم میاں محمد یوسف تہامی کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

فرید احمد پراچہ نے کہاجس طرح دھند کا موسم ٹریفک کے لئے خطرناک ہے ۔

اسی طرح ملک میں سیاسی دھند نے بھی موسم کو ابرآلود کررکھا ہے جس سے ملک وقوم پر بے یقینی کی تلوار لٹک رہی ہے۔ان حالات میں سیاسی جماعتوں کے لئے محفوظ راستہ یہ ہے کہ وہ پارلیمنٹ اور ڈیموکریسی کو کسی بھی غیر آئینی شب خون سے بچانے کیلئے اکٹھے ہوں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میںکہا کہ جماعت اسلامی نے پورے ملک میں کرپشن فری تحریک چلائی ہے ۔

اور ہمارا مطالبہ ہے کہ احتساب بلاتخصیص اور مستقل ہونا چاہئے۔عدلیہ کے فیصلہ کے بعد اب جبکہ جہانگیر ترین ناہل قرار دیئے جاچکے ہیں ۔پی۔ٹی۔آئی کیلئے بھی امتحان ہے کہ وہ جہانگیر ترین کو کسی نظر سے دیکھتی ہے ۔جماعت اسلامی ملک گیر جماعت ہے جس نے گذشتہ بلدیاتی انتخابات میں صوبہ خیبر کے چار اضلاع اور 17تحصیلوں میں حکومتیں قائم کیں۔قبل ازیں انہوں نے مولانا سیدابواعلی مودودی ؒ کے قریبی ساتھی اورجماعت کی مرکزی شوری کے رکن میاں محمد یوسف تہامی کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے انکی دینی، ملی ، سماجی اور سیاسی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور مرحوم کی بخشش اور درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔