دہشت گردی کی کاروائیوں سے ملک دشمن عناصر ملک میں فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں:ذکر اللہ مجاہد

اتوار 17 دسمبر 2017 20:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کوئٹہ میں چرچ پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے پرشدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ی کی کاروائیوں سے بھارت سمیت ملک دشمن طاقتیں ملک میں فرقہ واریت کی آگ پھیلانا چاہتی ہیں ۔ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوںنے اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دہشت گردی اور ظلم و تشد د کا مخالف اور امن کا علم بردار ہے ۔اسلام ہر طرح کے فساد و بگاڑ ، ظلم و تشدد اور دہشتگردی کو روکنے اور ختم کرنے کے ہر ممکنہ اسباب کرتا ہے بلکہ اسلام میں ظلم کو کسی حالت میں بھی کسی نام یا عنوان سے برداشت نہیں کیا جاتاکیونکہ اسلام انسان تو انسان جانوروں کے ساتھ بھی حسن سلوک کا درس دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سمیت اہل اسلام اور فرزندان توحید کیلئے ضروری ہے کہ وہ ملک دشمن سازشوں کو بے نقاب کرنے اور ان کی چالوں سے پردہ ہٹانے والے حکمت عملی تیار کریں تاکہ صہیونی اور سامراجی طاقتیں ملک میں عدم استحکام اور فرقہ واریت نہ پھیلا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے دفاع کی پوزیشن مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام کی بے داغ ، سچی اور صاف ستھری تصویر اپنے کردار سے دنیا والوں کے سامنے پیش کرنی چاہیے ۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پوری قوم مسیحی بردراری کے ساتھ غم میں برابر کی شریک ہے اور چرچ پر دہشتگردی میں ہلاک ہونے والے 8سے زائد افراد کی ہلاکت اور 44سے زائدزخمیوں نے پوری قوم کے دلوں کو سوگوار کر دیا ہے جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں ملک دشمن عناصر کا محاسبہ کیا جائے اور ملک کی تمام سیاسی پارٹیاں ملک میں دہشتگردی اور فرقہ واریت ختم کرنے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیں ۔