القدس امت مسلمہ سے اتحاد کا طلبگار ہے، یہودی گریٹر اسرائیل کے خواب دیکھ رہے ہیں،ریاض حسین شاہ

اتوار 17 دسمبر 2017 20:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ القدس امت مسلمہ سے اتحاد کا طلبگار ہے۔ یہودی گریٹر اسرائیل کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ ترک صدر نے اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دے کر امت مسلمہ کے دل جیت لئے ہیں۔ حکومت اقوام متحدہ کا قانون ناموس رسالت ختم کرنے کا مطالبہ مسترد کرنے کا دوٹوک اعلان کرے۔

قانون ناموس رسالت کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔ بیرونی دنیا ہمارے مذہبی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آل پاکستان مشائخ کونسل کے چیئرمین پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، پیر سید انتصار الحسن شاہ اور دوسرے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ امریکہ مشرق وسطی پر حکمرانی کے لئے اسلامی ممالک کو تقسیم کر رہا ہے۔

بڑی طاقتیں مسلمانوں پر جارحانہ حملے بند کریں۔ مسلم حکمران گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ناکام بنانے کے لئے متحد ہو جائیں۔ شام کی تباہی اور عراق کی تقسیم بھی گریٹر اسرائیل منصوبے کا حصہ ہے۔ امریکی صدر نے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دے کر دنیا بھر کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ٹرمپ عالمی غنڈہ اور ہٹلر کا پیروکار بن چکا ہے۔ پاکستان امت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قائدانہ کردار ادا کرے۔ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اسلامی ممالک مشترکہ سفارتی مہم چلائیں۔

متعلقہ عنوان :