کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کی قیمت ریاست اور عوام ادا کر رہے ہیں: ڈاکٹر طاہر القادری

اتوار 17 دسمبر 2017 20:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کوئٹہ دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کی قیمت ریاست اور اس کے عوام ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے، یہ واقعہ حکومت کی ناکامی ہے،عوام کے جان و مال اور عبادت گاہوں کا تحفظ نہ کرسکنے والے حکمرانوں کو ایک لمحے کے لیے بھی اقتدار میں رہنے کا حق نہیں، وہ گذشتہ روز عوامی تحریک کے سینئر راہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ عوام دہشتگردی کو شکست دینے کے لیے پر عزم ہیں اور ان شاء اللہ تعالی دہشتگرد اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سہولت کاروں کا خاتمہ ناگزیر ہے،دہشتگردی کی روٹ کاز کو بھی ختم کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومت اور اس کی رٹ نام کی کوئی چیز نہیں بچی،پہلے ایک نااہل نے پورے نظام کو یرغمال بنایا ہوا تھا رہی سہی کسر ناہل کی باقیات نے نکال دی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد جنم دینے والے اس نظام کو کب تک سینے سے لگا کر رکھا جائے گا 73ہزار جانی قربانیوں کے بعد بھی آنکھیں نہیں کھلیں تو پھر کب کھلیں گی انہوں نے کوئٹہ چرچ دہشتگردی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے ریاست تمام وسائل بروئے کار لائے۔