بابا خود ہی بتائے کہ لوگ بابے کے فیصلوں پر کیا فیصلہ کریں،پی پی پی

لوگ چیف جسٹس کی بات درست مان کر کیسے یقین کریں کہ سپریم کورٹ کا بابا سب کے ساتھ انصاف کرتا ہے،ترجمان پی پی پی چودھری منظور کے سوالات

اتوار 17 دسمبر 2017 20:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ بابا خود ہی بتائے کہ لوگ بابے کے فیصلوں پر کیا فیصلہ کریں،لوگ چیف جسٹس کی بات درست مان کر کیسے یقین کریں کہ سپریم کورٹ کا بابا سب کے ساتھ انصاف کرتا ہے۔ترجمان پی پی پی چودھری منظور نے ایک بیان میں بابے سے چند سوالات کرتے ہوئے کہا کہ مولوی تمیزالدین کیس سے لے کر بابے نے ہر طاقتور اور آمر حق میں فیصلے کئے ،بابے نے ہر آمر کے حق میں ڈنڈی ماری اور مارشل لائوں کو غیرآئینی تحفظ فراہم کیا۔

اس بانے نے نصرت بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری, ضیائ الحق کے مارشل لا کو جائز قرار دیا۔اس بابے نے ذوالفقار علی بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری اور پہلے منتخب وزیراعظم کا عدالتی قتل کیا۔بابے نے بعد میں خود تسلیم کیا کہ دبائو میں آکر بھٹو کو پھانسی چڑھانے کا فیصلہ دیا۔

(جاری ہے)

اس بابے نے اسیمبلیاں ٹوٹنے پر بھی بینظیر بھٹو اور نواز شریف میں امتیاز برتا اور ڈنڈی ماری۔

ترجمان پی پی پی کا کہنا تھا کہ بابا آمروں کے دبائو میں تو تھا ہی اس نے تو نواز شریف کے کہنے پر بینظیر بھٹو کو سزا سنائی۔بابے نے ظفر علی شاہ کیس میں ڈنڈی ماری مشرف کے مارشل لا تحفظ دیا۔بابے نے آمر مشرف کو آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا وہ اختیار بھی دیا جو اس نے مانگا ہی نہیں تھا۔بابے کے پانچ بیٹوں نے کہا حدیبیہ ریفرنس کھولا جائے تین نے کہا مقدمہ نہیں کھولنا۔

بابے نے نواز شریف کی اپیل مدت کی پابندی نظرانداز کر کے 9 سال بعد سنی اور منظور کی, چودھری منظور کا کہنا تھاکہ اب مدت کی پابندی کی بنیاد پر اسی بابے نے حدیبیہ ریفرنس کھولنے سے انکار کر کے شریف خاندان کے حق میں ڈنڈی ماری۔عمران خان نے خود کئی بار ٹی وی انٹرویوز میں خود آف شور کمپنی بنانے کا اعتراف کیا،بابے نے کہا کہ عمران خان کا نیازی سروسز نامی آف شور کمپنی سے کوئی تعلق نہیں،اب بابا خود ہی بتائے لوگ ان تمام فیصلوں کو کیا سمجھیں۔

متعلقہ عنوان :