طلباء و طالبات میں شہری ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز

اتوار 17 دسمبر 2017 20:02

راولپنڈی 17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء)پائیدار سماجی ترقی کی آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) اور( سائو تھ ایشیاء نیٹ ورک فار سوک ایجوکیشن) نے طلباء و طالبات میں شہری ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا۔سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(ایس ایس ڈی او) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سائوتھ ایشیا نیٹ ورک فار سوک ایجوکیشن کے نیشنل کوارڈینیٹر سید کو ثر عباس نے ذرائع ابلاغ کو بتایاکہ طلباء کو شہریت کی تعلیم اور ان کے بنیادی حقوق اور ذمہ داریوں سے متعلق تر بیت سے آئندہ نسل کو معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے میں معاونت ملے گی ، تعلیمی نظام میں بچوں کو شہریت اور ان کے بنیادی حقوق و ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے سے بچے مستقبل میں بہتر قوم بن کر ابھریں گے۔

(جاری ہے)

کو ثر عباس نے کہا کہ ایس ایس ڈی او نے سائو تھ ایشیا نیٹ ورک فار سوک ایجوکیشن کی تشکیل دی ہے جس کا مقصد مقامی سول سوسائٹی کی تنظیموں کو یکجا کرنے اور نوجوانوں اور بچوں کے حقوق اور تربیت کے لئے مہم چلانا ہے ، اس نیٹ ورک کو ابتدائی طور پر ملکی سطح پر تشکیل دیا جائے گا جس میں مختلف مقامی سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ساتھ مل کر بچوں کے حقوق کے تحفظ ، امن کے فروغ، شہریت کی تعلیم کے فروغ، جنسی تشدداورکم عمری کی شادیوں کی روک تھام ،بچوں سے مزدوری لینے اور بچوں کی سمگلنگ کی روک تھام، آرٹیکل 25-A پر عملدرآمد اور تعلیم کی فراہمی، صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز ) سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی،انھوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں میں آگاہی سے ہی ملک میں بہتر تبدیلی آسکتی ہے۔