تمام قومیتوں کا اتحاد پاکستا ن کی سلامتی کیلئے انتہائی ضروری ہے،حاجی زاہد اعوان

مسلم حکمران سرجوڑکر بیٹھیںاور اسلام مخالف قوتوں سے نمٹنے کا لائحہء عمل ترتیب دیں،تمام جماعتوں پر مشتمل آل پارٹیزکانفرنس بلائی جائے، اجلاس سے خطاب

اتوار 17 دسمبر 2017 20:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2017ء) ورلڈ آرڈر تبدیل ہوچکا ہے اور ہم آپس کی چپقلش میں مصروف ہیں،نیوورلڈآرڈرمیں تمام پالیسیاں اسلام مخالف ترتیب دی جاچکی ہیںاوران تما م پالیسیز کا حدف اسلامی ممالک ہیں، دوسری جانب مسلم ممالک میں بے چینی اور اعتما د کا فقدان صاف نظر آرہاہے،مسلم حکمرانوں کو اس بات کا احساس تک نہیں تمام شیطانی قوتوں کا محور اسلام مخالف کاروائیاں ہیں، ان تمام سازشوں سے نمٹنے کیلئے اسلامی ممالک میں یکجہتی اور اعتماد کی فضاء کابحال ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ،مسلم حکمران سرجوڑکر بیٹھیںاور اسلام مخالف قوتوں سے نمٹنے کا لائحہء عمل ترتیب دیں۔

یہ باتیں پاک مسلم الائنس سندھ سیکریٹریٹ میںمنعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر حاجی زاہداعوان نے کہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تمام اسلامی ممالک کو اپنا مؤقف ایک متحداور متفقہ پلیٹ فارم سے دنیا کے سامنے رکھنا چاہئے اور اپنے اختلافات کو بھلا کر ایک نصب العین کو اپنانا چاہئے۔دنیامیںجس تیزی کے ساتھ تبدیلی آرہی ہے ہمارے خطے پر بھی اس کا اثر نظر آرہا ہے ،وطن عزیز پاکستان کوبھی ازسر نو اتحادیوں سے اپنے تعلقات استوار کرنے پڑیں گے اورساتھ ہی اپنے پڑوسیوں سے برابری کی بنیاد پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا اور یہ سب اسی وقت ہوگا جب ہم اندرونی سازشوں سے کامیابی سے نمٹ لیں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکام بالا اور حکومت وقت تما م مذہبی اور سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پرلا نے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلائے اور اس میں تمام چھوٹی بڑی جماعتوں کو شریک کرے۔ پاک مسلم الائنس عرصہ درازسے بنیادی حقوق سے محروم عوام کے مسائل حل کرنے کی جدوجہد کررہاہے ،ہم اس پلیٹ فارم سے باربارحکام بالا سے اپیل کرتے ہیں کہ لاکھوں کی تعداد میں بنگالی ، بہاری ، سرائیکی اور پٹھان برادری کے مسائل کا جلد سے جلد حل کریں،باالخصوص فوری طورپرشناختی کارڈز کا اجراء کیاجائے تاکہ تمام پاکستانی یکجا ہو کر قومی دھارے میں شامل ہوکرملکی سالمیت اور یکجہتی کیلئے کام کریں۔