جڑواں شہروں سمیت بالائی علاقو ں میں بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہوگا،محکمہ موسمیات

اتوار 17 دسمبر 2017 19:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء)محکمہ موسمیات نے کل 19دسمبر سے اسلام آباد ،راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی علاقوںمیں بارشوں کی نوید سنا دی ہے ۔جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقراررہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں کی وجہ سے ملک بھر میں موسم شدید سردہو گیا ہے کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 جب کہ مری میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے شمالی علاقوں اور بلوچستان میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

منگل سے اسلام آباد راولپنڈی، قلات ڈویڑن سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، مری اور گلیات سمیت پہاڑی سلسلوں پر بھی خوب برفباری ہوگی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز ریکارڈ کییگئے سرد ترین مقامات کوئٹہ، قلات اور کالام کا درجہ حرارت منفی 8 ، مالم جبہ منفی 6، پارہ چنار اور گوپس منفی 5 جب کہ استور میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا