خیبر پختونخوا حکومت نے قانون سازی کے ذریعے نجی سود پر پابندی عائد کر دی ہے، مظفر سید

اتوار 17 دسمبر 2017 19:10

چکدرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ حقیقی ترقی کے مقاصد اور اہداف صحیح انداز میں اس وقت حاصل کئے جا سکتے جب زندگی کے تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی میں امیر و غریب کا فرق اورامتیاز ختم ہو اور ملکی باشندوں کو یکساں تمام سہولیات میسر ہوں ‘صوبائی حکومت نے اس ضمن میں تمام شعبوں میں مثبت اصلاحات لاکر ریکارڈ توڑ قانون سازی بھی کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز دیر پائین کے علاقے تالاش میں مختلف مواضعات تنگے، گٹ چینہ اور کانوں میں جماعت اسلامی کے شمولیتی جلسوں سے اپنے خطاب میں کیا جن میں جماعت اسلامی کے متعدد رہنمائوں سمیت پارٹی کارکنان اور علاقہ کے عوام کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مظفر سید نے کہا کہ صوبائی حکومت نے قانون سازی کے ذریعے نجی سود پر پابندی عائد کر دی ہے اور تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی ناظرہ اور ترجمہ کو لازمی قرار دیا ہے ، صوبہ میں ایک مثالی بلدیاتی نظام لایا گیا ہے جس کے ذریعے عام آدمی کے مسائل کا گھر کے دہلیز پر خاتمہ ممکن ہو سکا ہے اور ان تمام اقدامات کو حقیقی شکل دینے میں جماعت اسلامی کا کلیدی کردار ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ غریب عوام اور ملکی وحدت کی بات کی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام جماعت اسلامی کی طرف راغب ہو رہے ہیں ۔