اسفند یار بخاری شہید تراشا ہوا ہیرا تھا ، شیخ آفتاب احمد

اتوار 17 دسمبر 2017 18:40

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ہماری بہادر فوج نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ملکی سالمیت کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا ہے، اسفند یار بخاری شہید تراشا ہوا ہیرا تھا جس نے ہر میدان میں اپنی مہارت ثابت کر کے جامِ شہاد ت نوش کیا، ایسے سپوت تاریخ کے اوراق کو سنہرا کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی اٹک میں پرنسپل ہاؤس آف اکنامکس محمد سلیم شہزاد کی جانب سے اسفند یار شہید کی تیسری برسی کے موقع پر اس کے سوانح حیات پر مبنی کتاب ’معرکہ بڈہ بیر کا شہید‘ کی تقریبِ رونمائی میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ پروفیسر ظہیر قندیل کی تحریر کردہ کتاب کی تقریبِ رونمائی میں شہید کے والد ڈاکٹر فیاض بخاری، والدہ بیگم فیاض بخاری ، اسسٹنٹ کمشنر مرضیہ سلیم، وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان، ڈاکٹر سید سجاد نقوی، ڈاکٹر اسلم مروت، لیکچرار آرمی پبلک کالج اٹک عبدالکریم، سید یاور بخاری اور کونسلر حاجی محمد اکرم بھی شریک تھی․ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جب 2013میں جب محمد نواز شریف نے اقتدار سنبھالا تو انہوں نے پہلی میٹنگ بلا کر یہ واضح کر دیا کہ ہمیں ہر حال میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہو گا اور ہم نے اپنا مقصد پورا کرنے کے لیے تن من دھن ایک کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسفند یار بخاری شہید کی والدہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسفند یار نے اپنی ماں کو چھوڑ دیا لیکن بہت سی ماؤں کو آنسوؤں سے بچا لیا․ اس نے اپنی جان کی قربانی دے کر دشمن کے دانت کھٹے کر دیے کیوں کہ وہ ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ کرنے پر راضی نہیں تھا․ انہوں نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تفرقہ بازی ختم کر کے ایک قوم کے طور پرسامنے آئیں․ ڈاکٹر فیاض بخاری نے کہا کہ میرے بیٹے نے پوری زندگی میں کبھی شکست کو قبول نہیں کیا․ اس نے مشکل حالات میں بھی اپنی جدو جہد کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیا․ اپنی مختصر زندگی میں اس نے سورڈ آف آنر، تقریری مقابلوں، کھیل کے میدان سمیت ہر چیز میں پہلا نمبر حاصل کر کے ہمارا نام روشن کر دیا۔

متعلقہ عنوان :