چرچ حملے میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے خودکش حملہ آور کی جیکٹ کو بحفاظت جسم سے علیحدہ کر کے ناکارہ بنا دیا گیا

اتوار 17 دسمبر 2017 18:33

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2017ء) کوئٹہ میں بیتھل میموریل میتھڈسٹ چرچ حملے میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دوسرے خودکش حملہ آور کی جیکٹ جسے دھماکے سے اڑانے میں وہ ناکام رہا تھا ، اسے بحفاظت اس کے جسم سے علیحدہ کر کے ناکارہ بنا دیا گیا سول ڈیفنس ذرائع کے مطابق دونوں خودکش حملہ آوروں کی جیکٹوں میں پندرہ پندرہ کلو دھماکہ خیز بارود ،بال بیرنگ اور دس میٹر پرائماکارڈ استعمال کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دونوں خودکش حملہ آوروں کی عمر سولہ سے بیس سال کے درمیان تھیں جن کے اعضا ء کے نمونے حاصل کر کے ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا کاروائی کے کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد سول ڈیفنس کی بم ڈسپوزل ٹیم نے چرچ اور اطراف کے علاقے کو محفوظ اور کلئیر کر دیا جبکہ جائے وقوعہ سے فارنزک شہادتیں اکٹھی کی جا رہی ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں ۔