بہن کے ہاتھوں بہن کا قتل: ملزمان نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کرادیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 17 دسمبر 2017 18:31

بہن کے ہاتھوں بہن کا قتل: ملزمان نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کرادیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر۔2017ء) کراچی کے علاقے ملیر میں اپنی بہن کو قتل کرنے والی لڑکی اور اس کے منگیتر نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اپنا اعترافی بیان ریکارڈ کرادیا۔چار روزہ پولیس ریمانڈ کے بعد تحقیقاتی افسر (آئی او) نے علینہ قتل کیس کے ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ (شرقی) کے سامنے پیش کیا اور بتایا کہ علوینہ اور اس کا منگیتر مظہر کرمنل پروسیجر کوڈ (سی پی سی) کے سیکشن 164 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔

تاہم قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مجسٹریٹ نے دونوں ملزمان کا بیان ریکارڈ کیا۔علوینہ اور مظہر نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے علینہ کو مبینہ طور پر بلیک میلنگ کی وجہ سے گلا کاٹ کر ہلاک کیا تھا۔بیان ریکارڈ کرنے کے بعد مجسٹریٹ نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ آئی او کو ہدایت جاری کی کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات مکمل کر کے جلد از جلد رپورٹ پیش کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علوینہ کے والدین بھی موجود تھے۔اس سے پہلے پولیس کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ وقوع کے روز علوینہ اور اس کے دوستوں نے مل کر 16سالہ علینہ کو قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جس روز یہ واقعہ پیش آیا اس دن مقتولہ نے اپنی بہن علوینہ اور اس کے دوستوں کو ایک ساتھ گھر پر دیکھ لیا تھا۔ جس پر دونوں میں شدید تلخ کلامی بھی ہوئی ۔جس کے بعد علوینہ نے اپنے دوستوں کے سال مل کر اپنی ہی سگی بہن کو قتل کردیا۔

پولیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بہن کو قتل کرنے کیلئے چھری بھی علوینہ نے فراہم کی اور قتل کے بعد ملزمان کو گھر کے عقبی راستے سے فرار کرادیا۔جبکہ واقعے کے بعد خود ہی اپنے سر اور بازو پر زخم لگائے تاکہ واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دیا جاسکے۔اس موقع پر علوینہ نے گھر والوں کو بھی یہی بتایا کہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے علینہ کو قتل کردیا۔

جبکہ وہ زخمی ہوگئی۔بعدازا ں پولیس تحقیقات کے دوران ملزمہ کے بیانات میں تضاد دیکھنے میں آیا جس کے بعد معاملے کی مزید تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ اس قتل میں ناصرف علوینہ اور اس کے دوست ملوث ہیں بلکہ علوینہ کا منگیتر بھی اس قتل میں شریک ہے ۔واضح رہے کہ 5دسمبر کو ملیر کے علاقے میں علینہ نامی لڑکی کا لرزہ خیز قتل ہوگیا تھا۔ مقتولہ کی سگی بہن علوینہ نے واقعے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو ڈاکو گھر میں داخل ہوئے اور انہوں نے چھریوں کے وار سے علوینہ کو قتل کیا جب کہ چھریوں کے وار سے اسے بھی زخمی کردیا تھا۔ لواحقین نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں ہزاروں روپے مالیت کے سونے کے زیورات، نقدی اور موبائل فون جانے کا بھی ذکر کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :