حوثیوں پر روک کیلئے وسیع سیاسی اتحاد کے لیے کوشاں ہیں ،یمنی وزیر خارجہ

اتوار 17 دسمبر 2017 16:52

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء)یمن کے وزیر خارجہ عبدالملک المخلافی نے کہا ہے کہ آئینی حکومت حوثی ملیشیا پر روک لگانے کے لیے ایک وسیع سیاسی اتحاد تشکیل دینے کے واسطے کوشش کر رہی ہے،ادھر زمینی طور پر حوثی باغیوں کو یمن میں پے در پے نقصانات کا سامنا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمنی وزیر خارجہ عبدالملک المخلافی کا کہنا ہے کہ آئینی حکومت حوثی ملیشیا پر روک لگانے کے لیے ایک وسیع سیاسی اتحاد تشکیل دینے کے واسطے کوشش کر رہی ہے۔

گزشتہ سات روز کے دوران صنعا اور باغیوں کے زیر قبضہ دیگر صوبوں میں یمنی فوج کے ساتھ مقابلوں میں حوثیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 1175 تک پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ درجنوں باغیوں کو قیدی بنا لیا گیا۔دوسری جانب سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کے مطابق یمنی فوج نے شبوہ کے محاذ پر بڑی پیش قدمی کو یقینی بنایا ہے۔

(جاری ہے)

عسکری ذرائع کے مطابق یمنی فوج بیحان گورنری اور وادی خِر کی جانب آگے بڑھ رہی ہے۔

فوج کی انجینئرنگ ٹیم نے بیحان گورنری میں واپس لیے جانے والے علاقوں میں سیکڑوں بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز آلات کو ناکارہ بنا دیا ہے۔مارب صوبے کے مغرب میں واقع گورنری صراوح میں اتحادی طیاروں نے حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں آٹھ حوثی ہلاک ہو گئے۔البیضا صوبے میں حوثی ملیشیا نے ٹینکوں اور توپ خانوں کے ذریعے الزاہر گورنری میں رہائشی علاقوں اور کئی دیہات کو گولہ باری کا نشانہ بنایا۔