افغانستان ، غیر ملکی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، خاتون ہلاک ، 5افرا دزخمی

ہلمند میں طالبان کاپولیس چیک پوسٹ پر حملہ ، 14 اہلکار ہلاک ، 3زخمی، عسکریت پسندوں کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا ننگرہار میں افغان سیکورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی آپریشن میں داعش کے 9جنگجو ہلاک ، 5زخمی، مزار شریف میں بم دھماکہ، ایک شخص ہلاک، 3زخمی

اتوار 17 دسمبر 2017 16:51

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء) افغانستان میں غیر ملکی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں خاتون ہلاک اور 5افرا دزخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے حملے میں 14افغان پولیس اہلکار ہلاک اور 3زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا،ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان سیکورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی آپریشن میں داعش کے 9جنگجو ہلاک اور 5دیگر زخمی ہوگئے ،دوسری جانب مزار شریف میں ایک بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور 3زخمی ہوگئے ۔

اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ قندھار میں غیر ملکی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں خاتون ہلاک اور 5افرا دزخمی ہوگئے۔مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ صوبہ قندھار کے ضلع دامن میں غیر ملکی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں ایک خاتون ہلاک اور 5شہری زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

صوبائی پولیس چیف جنرل رزاق کا کہنا ہے کہ حملہ دن دو بجے اس وقت کیا گیا جب ایک خودکش حملہ آور نے اپنی گاڑی غیر ملکی فورسز کے قافلے کے قریب اڑا لی ۔

حملے میں غیر ملکی فورسز کے جانی نقصان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملیں ۔صوبائی پولیس چیف نے حملے کے بارے میں مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ۔تاحال کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ادھر جنوبی صوبہ ہلمند میں طالبان کے حملے میں 14پولیس اہلکار ہلاک اور 3دیگر زخمی ہوگئے ۔حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ طالبان جنگجوئوں نے لشکر گاہ شہر مین پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے بعد پولیس اور عسکری پسندوں کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی ۔

اسی چیک پوسٹ پر ہفتے کی رات بھی طالبان نے حملہ کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 14پولیس اہلکار ہلاک اور 3زخمی ہوگئے ۔صوبائی پولیس چیف بریگیڈئر جنرل عبدالغفار نے واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم مزید کوئی تفصیلا ت فراہم نہیں کیں۔انکا کہنا تھاکہ حملے کے دوران طالبان کو جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔گورنر حیات اللہ حیات کا کہنا ہے کہ کالا سنگ کے علاقے میں طالبان کے دو چیک پوسٹوں پر حملے میں 11پولیس اہلکار ہلاک اور 2زخمی ہوگئے۔

دریں اثناء ایمرجنسی ہسپتال حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہسپتال میں 14اہلکاروں کی لاشیں لائی گئی ہیں۔ مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان سیکورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی آپریشن میں داعش کے 9جنگجو ہلاک اور 5دیگر زخمی ہوگئے ۔صوبائی حکومت کے میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 24گھنٹوں میں ضلع ہیسکا مینا میں انسداد دہشتگردی آپریشن کیا جس میں داعش کے 9جنگجو ہلاک اور 5دیگر زخمی ہوگئے ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کو فضائی مدد بھی حاصل تھی ۔7جنگجو ضلع کھوگیانی میں ہلاک اور 5زخمی ہوئے جبکہ ضلع ہیسکا مینا میں 2جنگجو مارے گئے ۔دوسری جانب شمالی صوبہ بلغ کے شہر مزار شریف میں ایک دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور 3افراد زخمی ہوگئے ۔سیکورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعہ صبح گیارہ بجے پیش آیا جس میں مقناطیسی بم استعمال کیا گیا۔بم کو گاڑی میں لگایا گیا تھا جو نور کے قریب پھٹ گیا۔