جدید زراعت کے فروغ کے لیے پنجاب بھر میں کاشتکاروں کو ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی اجازت دے دی گئی

اتوار 17 دسمبر 2017 16:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) صوبہ پنجاب میں زراعت کو جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے کاشتکاروں کو ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ۔محکمہ زراعت پنجاب کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی افادیت کے پیش نظر سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو باقاعدہ تجویز پیش کرتے ہوئے کاشتکاروں کو ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی اجازت مانگی تھی جس پر وزیر اعلی پنجاب نے زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی اجازت دے دی ۔

زرعی ماہرین نے اے پی پی کو بتایاکہ ڈرون ٹیکنالوجی زرعی ادویات کے استعمال(چھڑکائو ) ،جڑی بوٹیوں، نقصان دہ کیڑوں اور غذائی اجزاء کی کمی کی مانیٹرنگ ،ذرائع آبپاشی اور فصلوں کے جغرافیائی سروے کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار کے معیار اور مقدار میں اضافہ کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق ڈرونز کے زرعی استعمال میں دلچسپی رکھنے والے کاشتکار اپنی درخواستیں متعلقہ ضلعی ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع )کے دفتر میں جمع کروائیں جس میں ان مقاصد کی واضح نشاندہی کرنا ہو گی جن کے لیے ڈرون کا استعمال پیش نظر ہے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع )ان درخواستوں کو حتمی منظوری کے لیے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنراور ڈی پی او پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی (DIC)کے سامنے پیش کرے گا۔ متعلقہ DICایسے تمام کیسز پر ضروری کارروائی کے بعد جاری کردہ اجازت نامے (NOC)میں ڈرون کے زرعی استعمال کے لیے مقام، اوقات کار اور دورانیہ وغیرہ کی وضاحت بھی کر ے گی ۔واضح رہے کہ ڈرون کے استعمال کی اجازت بارے حتمی فیصلہ تک پہنچنے کے لیے متعلقہ کمیٹی علاقہ میں واقع حساس مقامات اور تنصیبات کی سیکیورٹی جیسے معاملات کو بطور خاص پیش نظر رکھے گی ۔

جبکہ زرعی مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کے دوران آپریٹر کے ساتھ پولیس اہلکاربھی تعینات کیا جائے گا۔ متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت (توسیع )درخواست دہندہ کو ڈرون کے استعمال بارے مطلوبہ NOCکی صورتحال بمعہ شرائط و ضوابط زرعی استعمال کے لیے متوقع نتائج/معلومات سے بروقت آگاہ کرنے کا پابند ہو گا۔

متعلقہ عنوان :