چرچ کو کلیئر کرکے چار سو افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری کی جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو

اتوار 17 دسمبر 2017 15:32

کوئٹہ۔ 17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں زرغون روڈ پر واقع چرچ پر دو خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا مگر پولیس اور فرنیٹر کور کی بروقت کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو چرچ کے مرکزی گیٹ پر مار دیا گیا اور دوسرے نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان، فرنیٹر کور کے برگیڈیئر تصور ستار بھی موجود تھے۔ آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ چرچ پر حملے کے وقت چار سو افراد چرچ میں موجود تھے جبکہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں پانچ افراد جاں بحق اور سولہ زخمی ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چرچ سے خواتین اور بچوں سمیت تمام چارسوافراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز نے چرچ کو کلیئر کر دیا ہے جبکہ کوئٹہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری نے کہا کہ اگر پولیس فرنیٹر کور کے جوان بروقت کارروائی نہ کرتے تو زیادہ نقصان کا اندیشہ تھا۔

متعلقہ عنوان :