چرچ پر حملے کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی

زخمیوں کو علاج معالجے کی ہرممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہا ہے ،صوبائی وزیر صحت

اتوار 17 دسمبر 2017 15:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے چرچ پر خود کش حملے اورفائرنگ کے واقعہ کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ صوبائی وزیر صحت نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر واقع چرچ میں خود کش حملے اور فائرنگ کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹروں ،پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگر عملے کو ڈیوٹیوں پر طلب کرلیا گیا ہے سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر اور ایمرجنسی وارڈ میںخود کش حملے کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ شہر کے دونوں بڑے ہسپتالوں میں وافر مقدار میں ادویات اور دیگر ضروری سامان دستیاب ہے اور زخمیوں کوعلاج معالجے کی ہرممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہا ہے۔

(جاری ہے)

میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ سیکرٹری صحت جاوید انور شاہوانی ،ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر شاہجہان زخمیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے خود کش حملے اور فائرنگ کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور خصوصاً بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھی دی ہے بچے کچھے دہشت گرد اب بے گناہ اور معصوم افراد کو اپنی وحشت کا نشانہ بنارہے ہیں جلد ان دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کردیا جائے گا۔ میررحمت بلوچ نے خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :