اگر اقوام متحدہ القدس کے معاملے میں ضروری کاروائی نہیں کرتی تو ہم خود متعلقہ حکام پر دباو ڈالیں گے،طیب اردگان

ہم آخر تک حق کیلئے آواز بلند کرتے رہے گے اور ظلم کی نشاندہی کرتے رہیں گے، ہم وہ دن نہیں بھولے جب دنیا بھر سے برے مناظر کو ترکی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر نشر کیا جاتا رہا ہے، ترک صدر

اتوار 17 دسمبر 2017 15:00

اگر اقوام متحدہ القدس کے معاملے میں ضروری کاروائی نہیں کرتی تو ہم خود ..
استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء) ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ اگر اقوام متحدہ القدس کے معاملے میں ضروری کاروائی نہیں کرتی تو ہم خود متعلقہ حکام پر دباو ڈالیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر اردگان نے یالووا میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے ضلعی اجلاس سے خطاب میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس کے معاملے میں جو ضروری ہے وہ آپ کو کرنا ہو گا لیکن اگر آپ نہیں کرتے تو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ضروری کاروائی کے لئے ہم خود متعلقہ حکام پر دباو ڈالیں گے۔

انہوں نے اسرائیلی فوجیوں کی زیر حراست 14 سالہ فلسطینی بچے فیوضی الجندی کی تصویر دکھاتے ہوئے کہا کہ اس بچے کی آنکھیں بندھی ہوئی ہیں اور منہ اور ناک سے خون بہہ رہا ہے اور اسے 20 دہشت گرد اسرائیلی فوجی گھسیٹتے ہوئے لے کر جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یہی نہیں بلکہ ڈاون سینڈروم بچوں پر بھی ظلم وتشدد کیا جا رہا ہے۔صدر اردگان نے کہا کہ ہم آخر تک حق کے لئے آواز بلند کرتے رہے گے اور ظلم کی نشاندہی کرتے رہیں گے، ہم وہ دن نہیں بھولے جب دنیا بھر سے برے مناظر کو ترکی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر نشر کیا جاتا رہا ہے۔

صدر اردگان نے کہا کہ ہم اگر کہتے ہیں کہ دنیا پانچ سے بڑی ہے تو یہ صرف ترکی کے لئے نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فورم پر موجود 196 ممالک کی بہتری کے لئے کہہ رہے ہیں۔ ہماری یہ آواز ہر گزرتے دن کے ساتھ زیادہ مضبوط ہو گی اور ہم آخر تک اس معاملے پر آواز اٹھانا جاری رکھیں گے۔