مانسہرہ ویگن سٹینڈ پر قتل کے ملزمان کے باپ اور بھائی کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا

اتوار 17 دسمبر 2017 13:52

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) مانسہرہ ویگن سٹینڈ پر قتل کے ملزمان کے باپ اور بھائی کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے جان پر کھیل کر دو حملہ آور گرفتار کر لئے۔ پولیس کے مطابق پھلڑہ مانسہرہ کے رہائشی کالا خان ولد علی بہادر کے بیٹوں نے کچھ عرصہ قبل ایک مقامی شخص کو قتل کر دیا تھا، اس قتل کیس میں کالا خان کے دو بیٹے جیل میں بند تھے۔

کالا خان نے پشاور ہائی کورٹ میں اپنے بیٹوں کی درخواست ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں، پشاور ہائی کورٹ نے کالا خان کے بیٹوںکی درخواست ضمانت منظور کر لیں۔ کالا خان اپنے بیٹے صادق کے ہمراہ جونہی پشاور ہائی کورٹ پیشی کے بعد مانسہرہ جانے کیلئے اڈے پر پہنچا تو لیاقت ولد کالا خان اور عبدالقیوم ولد کالا خان سکنہ گڑوال داخلہ پھلڑہ نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں کالا خان کا بیٹا صادق گولیاں لگنے سے موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر کالاخان بھی شدید زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

زخمی کالا خان اور اس کے بیٹے صادق کی نعش کو پولیس نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملہ آوروں کا تعاقب کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں چند گھنٹے زیرعلاج رہنے کے بعد شام ساڑھے پانچ بجے کالاخان بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ مقتول باپ بیٹے کی نعشوں کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالہ کر دی گئی ہیں۔ تھانہ کینٹ ایبٹ آباد میں علت نمبر1617 جرم: 302,324/34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :