ہمہامہ میں بھارتی فوج کو اراضی الاٹ کرنا گہری سازش ہے، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر

وادی کشمیر میں جگہ جگہ فوجی چھائونیاں اور کیمپ قائم ہیں اور وادی کے زرخیز اور جاذب نظر علاقوں پربھارتی فوجیوں نے قبضہ جمایاہوا ہے

اتوار 17 دسمبر 2017 12:41

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکمرانوں کی طرف سے ضلع بڈگام کے علاقے ہمہامہ میں بھارتی فوج کو درپردہ 1600 کنال اراضی الاٹ کرنا فلسطین کی طرز پر مقامی باشندوں کو اٴْن کی اراضی سے بے دخل کرنے کی ایک گہری سازش ہے جو انتہائی تشویشناک اور افسوسناک معاملہ ہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ خبر ذرائع ابلاغ میں نمایاں طور پر شائع ہونے کے باوجود کٹھ پتلی انتظامیہ کی اس پر خاموشی معنی خیز ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی کارروائیاں ماضی میں بھی ہوتی رہی ہیں جس کے نتیجے میں وادی کشمیر میں جگہ جگہ فوجی چھائونیاں اور کیمپ قائم ہیں اور وادی کے زرخیز اور جاذب نظر علاقوں پربھارتی فوجیوں نے قبضہ جمایاہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ان کارروائیوں میں یہاں کے کٹھ حکمران برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے اپیل کی کہ وہ اس اہم اور نازک مسئلے کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اس کی قانونی چارہ جوئی کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ ترجمان نے کہاکہ کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کو اس مسئلے کی طرف فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کے باشندوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔