ٹیلر سوئفٹ نے اپنی خصوصی ایپ متعارف کرادی

گلوکارہ کے مداح ٹیلر سوئفٹ کی خصوصی تصاویر اور ویڈیوز بھی ایپ پر مفت میں دیکھ سکیں گے

اتوار 17 دسمبر 2017 12:21

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2017ء)رواں برس سب سے زیادہ پیسے کمانے والی دنیا کی 10 بڑی گلوکاراؤں میں سے ایک امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنی خصوصی ایپلی کیشن متعارف کرادی۔جی ہاں، 28 سالہ پاپ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنی کمائے کو بڑھانے کی غرض سے خصوصی ایپ ’دی سوئفٹ لائف‘ متعارف کرادی۔

اس ایپلی کیشن کی خاص بات یہ ہے کہ گلوکارہ کے مداح ٹیلر سوئفٹ کی خصوصی تصاویر اور ویڈیوز بھی ایپ پر مفت میں دیکھ سکیں گے۔جبکہ گلوکارہ کے مداح اپنی پسندیدہ گلوکارہ کی سرگرمیوں، ان سے متعلق شائع ہونے والی خبروں، ان کی ویڈیوز، ان کے گانوں اوران سے متعلق سوشل میڈیا پر ہونے والے بحث سے متعلق بھی باخبر رہ سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے بڑھ کر’دی سوئفٹ لائف‘ نامی ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین اس ایپ کے ذریعے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر گلوکارہ سے متعلق کوئی بھی پوسٹ کرسکیں گے، اور ان کی یہ پوسٹ جہاں سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دستیاب ہوگی، وہیں وہ اس ایپ پر بھی موجود ہوگی، اور دوست انہیں فالو کرسکیں گے۔

’دی سوئفٹ لائف‘ ایپ کے ذریعے صارفین آسانی سے اپنی پسندیدہ گلوکارہ سے بات اور چیٹ کرسکیں گے۔گلوکارہ کی ٹیم کا دعویٰ ہے کہ ’دی سوئفٹ لائف‘ کے ذریعے صارفین ٹیلر سوئفٹ کی انتہائی خصوصی تصاویر تک بھی رسائی حاصل کرسکیں گے۔اس ایپلی کیشن کو صارف آئی ٹیون کے اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، جب کہ امریکا میں ایپل کے صارفین بھی اسے ’ایپل‘ اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔