بر صغیر کے نامور موسیقار رشید عطرے کی 50ویں برسی (آج)منائی جائیگی

رشید عطرے 18دسمبر 1967کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے ‘لوگوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں

اتوار 17 دسمبر 2017 12:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2017ء) بر صغیر کے نامور موسیقار رشید عطرے کی 50ویں برسی آج (پیر )18دسمبر کو منائی جائی گی ۔رشید عطرے کااصل نام عبدالرشید تھا اور وہ 1917ء میں بھارتی شہر امرتسر میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والد خوشی محمد کا بھی اپنے دور کے نامور موسیقار وں میں شمار ہوتاتھا ۔ رشیدعطر ے نے فن موسیقی کا آغازتقسیم ہند سے قبل 1942ء میںبننے والی فلم ’’شیریں فرہاد‘‘ سے کیا۔

اس کے بعد ممبئی میں 6 فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔ قیام پاکستان کے بعد ان کی پہلی فلم ’’ببلی‘‘ تھی جو کامیاب نہ ہو سکی لیکن اس کے بعدفلم’’ شہری بابو‘‘ کی موسیقی کیلئے رشید عطرے کو چنا گیا جس کے گانوں نے تہلکہ مچا دیا۔ان کے مشہور گیتوں میںساڈے انگ انگ وچ پیار نے پینگا ں پائیاں نیں ، آئے موسم رنگیلے سہانے ،دلا ٹھہر جایا ر دا نظارا لین دے ،باوری چکوری کرے دنیا سے چوری چوری ،صدا ہوں اپنے پیار کی ،مجھ سے پہلی سی محبت میر ے محبوب نہ مانگ،گائے گی دنیا گیت میرے ،نگاہیں ملا کر بدل جانے والے ،لٹ الجھی سلجھاجا رے بالم جیسے لازوال گیتوںکی مسحور کن موسیقی ترتیب دی ۔

(جاری ہے)

رشید عطرے نے 80 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی جن میں بیشتر اردو تھیں،انہوں نے موسیقار کے نام سے اپنی ذاتی فلم بھی بنائی ۔سرفروش، وعدہ، 7لاکھ، نیند، قیدی اور مکھڑا جیسی شہکار فلموں کی موسیقی دی اورتین نگار ایوارڈ اپنے نام کیے۔رشید عطرے 18دسمبر 1967 کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے ۔ لیکن اپنے تخلیقی کام کی وجہ سے وہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔