سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت مزار کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 16 دسمبر 2017 23:08

لاڑکانہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور محکمہ خوراک کے سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت مزار کمیٹی کا اجلاس گڑھی خدابخش بھٹو میں ہوا جس میں 27 دسمبر پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی دسویں برسی کے انتظامات کے متعلق غور و خوص کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی دسویں برسی 27 دسمبر پر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی جس میں ملک کے کونے کونے سے لاکھوں جیالے اور پیپلز پارٹی کارکنان شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ عام کو پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سمیت مرکزی اور صوبائی رہنما بھی خطاب کریں گے۔بعد ازاں نثار احمد کھوڑو نے لاڑکانہ کے ڈویزنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ برسی کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرکے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر لاڑکانہ ڈویزن محمد عباس بلوچ نے برسی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جبکہ اجلاس میں پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے صدر عبدالفتاح بھٹو، ایم این اے نظیر احمد بگھیو، ایم این اے رمیش لعل، ایم پی اے امتیاز شیخ، پیپلز پارٹی رہنما خیر محمد شیخ، ڈویزنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت سپاف، ہاری، لیبر، ڈاکٹرس فورم، انجنیئرنگ روم، لیڈیز ونگ اور دیگر ذیلی تنظیموں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔