Live Updates

جہانگیر ترین کی نااہلی کے فیصلے نے عمران خان کی غلط بیانی ثابت کردی ہے ۔وفاقی وزیرسرداراویس احمد خان لغاری

ہفتہ 16 دسمبر 2017 23:07

ملتان/ڈی جی خان۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے توانائی (پاورڈویژن ) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے جہانگیر ترین کی نااہلی کے فیصلے نے عمران خان کی غلط بیانی ثابت کردی ہے جس کی پاک دامنی کے وہ دعوے کیاکرتے تھے ،آج سپریم کورٹ نے اُسے تاحیات نااہل قراردیاہے۔وفاقی وزیر نے ملک بھر میں زیر التواء 8لاکھ بجلی کنکشنز 15جنوری2018؁ء تک لگانے کی ہدایت کردی ہے ۔

اس کے بعد ہر کنکشن 15روز کے اندر نصب ہوگا ۔ ملک میں پری پیڈ بجلی کنکشن فراہم کرنے پر کام کررہے ہیں جلد ہی عوام کو بڑی خوشخبری دیں گے ۔میپکوترجمان کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان کے عوام سیاسی شعبدہ بازوں کے ہتھکنڈوں سے ہوشیار رہیں اور ووٹ دینے کا فیصلہ کارکردگی کی بنیاد پر کریں ۔

(جاری ہے)

ہمارے سیاسی مخالفین ہم سے سینکڑوں گنا زیادہ اختیارات کے ساتھ برسراقتداررہے مگر انہوں نے ڈی جی خان کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کچھ بھی نہیں کیا ۔

ہماری سیاست کا محور تھانے اور پٹواری نہیں بلکہ عوام کی بھلائی اور خدمت ہے ۔ میاں شہبازشریف نے حقیقی معنوں میں جنوبی پنجاب کے لئے ترقیاتی منصوبے دئیے ہیں ہم نے اپنے لئے ان سے کوئی وزارت یا مشیری نہیں مانگی بلکہ اپنے حلقے کے عوام کے لئے ترقیاتی منصوبے مانگے جس کے ثمرات آج حلقہ این اے 173کی 50یونین کونسلوں میں نظر آرہے ہیں ۔ وہ یونین کونسل کوٹلہ احمد خان اور جھکڑ امام شاہ میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹیلی فون کی طرح پاور سیکٹر میں بھی جدت لارہے ہیں او رپورے پاکستان کے عوام کے لئے اس محکمہ میں اصلاحات لائیں گے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ساڑھے چار سال میں لوڈشیڈنگ کے جِن کو بوتل میں بند کردیاہے ،اب ایسی پالیسیاں لارہے ہیں جس سے صارفین کو بجلی کی وہ سہولیات ملیں گی جو پچھلے 70سالوں میں نہیں ملیں ۔سردار اویس احمد خان لغاری نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر اپنی برادریوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے پی ٹی آئی کے عہدیداروں غلام سرور زور، نذیراحمد چانڈیہ، سردار جمال خان گورمانی، عمر خان لُنڈ اور شفیع محمد ہمشیرہ کا خیر مقدم کیا ۔

انہوں نے جوگیانی برادری ، کھوجہ برادری ، ماچھی، ڈومرا ،ڈونڈی ارو دیگر برادریوں کے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے اعلان پر انکا شکریہ اداکیا اور کہا کہ ان ساتھیوں کی شمولیت جہاں ہمارے لئے باعث تقویت ہے وہاں اس امر کا ثبو ت بھی ہے کہ عوام تیزی سے با شعور ہورہے ہیں اور یہ فرق سمجھنے لگے ہیں کہ کون ا ن سے اجتماعی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ان کی زندگی میں انقلاب لارہا ہے اور کون انہیں تھانے کچہری کی سیاست میں الجھائے ہوئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میاں شہبازشریف میرٹ پر استاتذہ بھرتی کررہے ہیں ، ہمارا اگلا مشن سکولوں اور ہسپتالوں کی حالت کو بہتربناناہے ۔ ہم نے میاں شہبازشریف سے وعدہ لیاتھا کہ اپر پنجاب اور جنوبی پنجاب کے عوا م کے لئے یکساں وسائل استعمال کریں گے، اُنہوں نے اپنا وعدہ پوراکردیاہے اور جنوبی پنجاب میں لاتعداد میگاپراجیکٹس مکمل ہورہے ہیں ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی سردار محمود قادر لغاری نے کہا کہ سردار اویس احمد خان لغاری کی وجہ سے یہاں لاتعداد ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوئے ہیں ۔

ہم نے پوری نیک نیتی سے علاقے کے عوام کی خدمت کی ہے اور اجتماعی مفاد کے منصوبوں کو اولین ترجیح دی ہے۔ علاقے میں سیوریج، سڑکوں اور بجلی کے منصوبوں کی بدولت بہت بہتری آئی ہے اگر اگلے الیکشن میں عوام نے ہمیں اقتدار کے لئے منتخب کیا تو ترقی کا یہ عمل زور وشور سے جاری و ساری رہے گا ۔اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونین کونسل جھکڑ امام شاہ سید محمد ابراہیم شاہ نے کہا کہ لغاری گروپ جب بھی برسراقتدارآیاہے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھاہے اور وہ منصوبے مکمل ہوئے ہیں ۔

دریائی کٹائو سے بچنے کے لئے کروڑوں روپے کی لاگت سے سًپر بند مکمل ہواہے جس سے یہ علاقے سیلاب سے محفوظ ہوگئے ہیں یہ صرف محمود قادر خان لغاری اور سردار اویس احمد خان لغاری کی کوششوں کی وجہ سے ہواہے ۔ چیئرمین یونین کونسل کوٹلہ احمد خان مہر عبدالستار چھینہ نے کہا کہ یونین کونسل کوٹلہ احمد خان میں ریکارڈ سکیمیں مکمل ہوئی ہیں ۔ اجتماعات میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر برائے توانائی (پاورڈویژن ) سردار اویس احمد خان لغاری نے الحاج مہر اقبال چھینہ سے ان کے کزن کریم بخش سیال اور نورنگ شاہ سے ان کی اہلیہ کی وفات پر ان کے گھر جا کر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات