کرسمس اور یوم پیدائش قائداعظم محمد علی جناح منانے کے سلسلہ میں تمام انتظامات فول پروف رکھے جائیں،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 16 دسمبر 2017 23:05

گوجرانوالہ۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر گوجراونوالہ سہیل احمد ٹیپو نے کہا ہے کہ کرسمس اور یوم پیدائش قائداعظم محمد علی جناح کی تقریبات کو بھرپور طریقے سے منانے کے سلسلہ میں تمام انتظامات فول پروف اور اپ ٹو ڈیٹ رکھے جائیں تا کہ کسی قسم کے نقص امن کا احتمال نہ رہے ۔ ضلع میں امن کے قیام کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی ۔

علماء اکرام ،کرسمس برادری اور تاجر برادری ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ مربوط بنائیں اور ہر اوّل دستہ بنیں تا کہ مل جل کر مشترکہ کاوشوں کی بدولت مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے اور گوجرانوالہ کو پر امن رکھنے کے لیے سابقہ روایات کو برقرار رکھا جائے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرسمس اور یوم پیدائش قائداعظم کی تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ بین المذاہب امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بین المذاہب امن کمیٹی قاری زاہد سلیم،اے ڈی سی (جنرل)ڈاکٹر حفصہ رانی کنول ،تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی رائو سہیل اختر،صدر رانا محمد جمیل،کامونکی ڈاکٹر رابعہ ریاست،وزیر آباد نورالعین قریشی،نوشہراہ ورکاں نویدالاسلام ورک )،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر غیاث النبٰی،سکیورٹی آفیسر عنصر شہزاد،مسیحی برادری کے پادری شریف عالم،پروفیسر شہزاد لارنس،فادر فرانسیس ،ممبران امن کمیٹی مولانا عمران عریف،مولانا جواد قاسمی،قاری محمد شاکر،علامہ ایوب صفدر،سعید صدیق مجدّدی،صاحبزادہ ضیاء اللہ،محمد اسلم ساقی،عثمان علی،صدر انجمن تاجران بابر کھرانہ،صدر مرکزی انجمن تاجران و چیئرمین این جی اوز فورم حاجی عبدالرئوف مغل،حاجی نذیر احمد جموں والے،میاں فضل الرحمن کے علاوہ دیگر ممبران کمیٹی نے اجلاس میں شرکت کی ،ڈپٹی کمشنر سہیل احمد ٹیپو نے کہا کہ میں لفظوں میں نہیں عملی کام پر یقین رکھتا ہوں میں اکیلا کچھ نہیں ٹیم ورک پر یقین رکھتا ہوں ضلع کی بہتری کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلوں گااور شہر میں قیام امن کے لیے باہمی رابطے اور افہام و تفہیم کو فروغ دیا جائے گا ،منفی سوچوں کی حوصلہ شکنی بھی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ علماء اکرام سے گفتگو کر کے خوشی ہوئی اور اندازہ ہوا کہ آپ کے الفاظ جذبات کی ترجمانی کر رہے ہیں ۔انہوں نے ممبران کی طرف سے نشاندہی کردہ مسائل جن میں سستا بازار،کوڑا کے کنٹینرزکو ہٹانے،صفائی ستھرائی اور دھوں چھوڑنے والی فیکٹریوں کے خلاف مہم تیز کرنے سمیت اہم مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔اجلاس میں انہوں نے شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے اے سی سٹی رائو سہیل اختر کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا،اجلاس میں تمام مذاہب و سالک کے علماء اکرام اور تاجر برادری نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مثالی تعاون کی یقین دہانی کروائی اورا مید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ بھی انکے روابط بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اُٹھائے گی ۔

صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں عامر عزیز نے کرسمس کی تقریبات کے انعقاد کے لیے چیمبر ہال کی پیش کش کی اور برادری کو اس کے علاوہ تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی ۔