گوادراورخنجراب تک نواز شریف کی ترقی کے ثمرات منتقل ہو رہے ہیں ،فرد واحد کی خواہش پر اسمبلیوں کو قربان نہیں کیا جا سکتا ۔وفاقی وزیر دفاع

ہفتہ 16 دسمبر 2017 23:05

گوادراورخنجراب تک نواز شریف کی ترقی کے ثمرات منتقل ہو رہے ہیں ،فرد ..
گوجرانوالہ۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ آئین میں ممانعت نہیں لیکن عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ،کسی کو اقتدار میں آنے کی عجلت ہے تو وہ اپنی خواہش الیکشن تک کے لئے اٹھا رکھے ،بدقسمتی سے ابھی تک جمہوری حکومتوں کا محاصرہ ختم نہیں ہوا،یہ محاصرے دھرنوں اور کنٹینروں کی شکل میں چلتے رہیں گے ، حکومت پورے ملک میں ترقی کے جال بچھانے اور عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے ایجنڈے پر آخری دن تک کام کرتی رہے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف کو مشورہ ہے کہ وہ حکومت کی باقی مدت کے دوران خیبر پختونخواہ میں ترقی کی کوئی اینٹ ہی لگا لیں، انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن آئندہ الیکشن میں ترقی کے ساتھ ووٹ کے تقدس کا ایجنڈہ لے کر عوام کے پاس جائے گی،انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت وہ پہلی جمہوری حکومت ہے جس نے تمام تر مشکلات ،رکاوٹوں اور مخالفین کی ٹانگیں کھینچنے کی پالیسیوں کے باوجودعوام کوڈیلیور کر کے دکھایا ہے۔

(جاری ہے)

آج لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی میںنمایاں کمی آچکی ہے ،سی پیک کے آنے سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا نیا باب شروع ہو گیا ہے ،کراچی ،بلوچستان جہاں امن کی بات بھی مذاق لگتی تھی، آج پرامن ہو چکے ہیں ،گوادر ،خنجراب تک نواز شریف کی ترقی کے ثمرات منتقل ہو رہے ہیں اور پورے ملک میں ایک بے مثال اور مثبت تبدیلی آچکی ہے ،انہوںنے مزید کہا کہ قبل ازوقت انتخابات کرانے سے ملکی معیشت کو کوئی فائدہ پہنچنے والا نہیں ہے ،فرد واحد کی خواہش پر اسمبلیوں کو قربان نہیں کیا جا سکتا ،اقتدار کے خواب دیکھنے والے اس بڑے امتحان کی فکر کریں جو الیکشن کی شکل میں چند ماہ بعد انہیں درپیش ہو گا ۔