صوبے کے ہر بچے کو مفت تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے، عبدالفتح بھنگر

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:56

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) صوبائی سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال ڈیرہ مرادجمالی میں نصیرآبادڈویژن کے ڈی اوزاورڈی ڈی اوز آفیسران کا اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں نصیرآباد،جعفرآباد،جھل مگسی، صحبت پور،کچھی اضلا ع کے ڈی ای اوز نے اپنے اضلاع میں تعلیمی سرگرمیوں اوردرپیش مسائل کے متعلق سیکریٹری تعلیم کو بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے کہاکہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت ہرممکن وسائل کو بروئے کارلارہی ہے۔ حکومت کی اولین کوشش ہے کہ صوبے کے ہر بچے کو مفت تعلیم دی جاسکے تاکہ پڑھا لکھا بلوچستان ملک کی تعمیروترقی میں اپنا کلیدی کردا ادا کرسکے۔

(جاری ہے)

تعلیم کے ذریعے ہی موجودہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جاسکتا ہے۔

انہوں نے آفیسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیرحاضر اساتذہ کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اسکولوں کی بہتری سے ہی عوام کا اعتماد بڑھے گا اور والدین اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کراکے انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن میں تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے بھرپور کوشش کی جارہی ہے تاکہ دیگر علاقوں کی طرح یہاں پر بھی تعلیمی میعار کو برقرار رکھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری کے لئے ہمیں بہت کچھ کرنا ہے ۔ اساتذہ کو چاہئے کہ وہ فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں تاکہ ملک کے نونہالوں کو اچھی تعلیم دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت ہرممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :