لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا عدلیہ کی اولین ترجیح ہے

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:56

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی نے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے کنگری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس ہاشم خان کاکڑ بھی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا عدلیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں عدالتوں کے لئے عمارتوں کی تعمیر جاری ہے اور کچھ عمارتیں تقریباً مکمل ہونے کے قریب اور کچھ حال ہی میں مکمل ہوئی ہیں۔ چیف جسٹس نے لورالائی میں کورٹ میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے میں بار اور بینچ کا کردار بہت اہم ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں اور جوڈیشل آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض نہایت ایمانداری سے ادا کریں تاکہ لوگوں کا اعتماد عدالتوں پر بحال ہو۔

انہوں نے کہا کہ انصاف میں تاخیر ناقابل برداشت ہے۔ معاشرے میں انصاف کی فوری فراہمی عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔ انصاف میں تاخیر سے معاشرے میں بے چینی پیدا ہوتی ہے۔ بار اور بینچ ہم آہنگی سے اس ضبط کو ختم کرسکتے ہیں۔ مزید یہ کہ عدالتی اہلکاران اور ساتھ ساتھ وکلاء کی تربیت کے لئے جوڈیشل اکیڈمی بلوچستان میں پروگرام ترتیب دیئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے رجسٹرار روزی خان بڑیچ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انسپکشن منوراحمد شاہوانی ودیگر اعلیٰ آفیسران ، جوڈیشل آفیسران اور وکلاء کی کثیر تعداد نے اس موقع پر شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :