دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کوئی مصالحت نہیں کی جائے گی ، نواب ثناء اللہ خان زہری

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:56

دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کوئی مصالحت نہیں کی جائے گی ، نواب ثناء اللہ ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اپنی حکومت کے اس عزم کا اظہار اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کوئی مصالحت نہیں کی جائے گی اور عوام کے بھرپور تعاون اور سیکیورٹی فورسز کے فعال کردار کے ذریعہ دہشت گردوں کو حتمی شکست سے دوچار کرکے ان کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

آرمی پبلک اسکول پشاور کے سانحہ کو تین سال مکمل ہونے پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ا ے پی ایس سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں نے قوم کو دہشت گردوں کے خلاف متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج انتہا پسندی اور دہشت گردی پاکستان کو درپیش سب سے اہم چیلنج ہے اور ملک کی سیاسی وعسکری قیادت کے اتفاق رائے اور عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کاروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی قومی اتفاق رائے سے جاری رہے گی اور دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے پاکستان میں مکمل امن اور یکجہتی کی بحالی پر منتج ہوگی۔