اعتدال پسند اور رواداری کی آواز کمزور ہورہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

ہم جہالت کے اندھیروں کو صرف تعلیم کی روشنی سے ہی شکست دے سکتے ہیں ،ہم اس حوالے سے تبدیلی لائیں گے، وزیراعلیٰ ہائوس میں اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:50

اعتدال پسند اور رواداری کی آواز کمزور ہورہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ اعتدال پسند اور رواداری کی آواز کمزور ہورہی ہے اور ہم اس بات میں مصروف ہیں کہ مذہبی تصادم کے بارے میں کیا غور کیا جاسکتا ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے اعزاز میں وزیر اعلی ہائوس میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

وزیر اعلی سندھ نے پرنس کریم آغا خان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہاں پر لاکھوں کی تعداد میں لوگ آپ کی آمد کے بے تابی سے منتظر تھے اور آپ کی یہاں موجودگی آپ کی گولڈن جوبلی کا ایک حصہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی وزیر اعلی ہائوس میں میزبانی کرناان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ آپ کی اور آپ کے خاندان کی پاکستان کے لیے بے شمار خدمات ہیں ۔

آغا خان سوئم نیرائونڈ ٹیبل کانفرنس کے دوران پاکستان کی آزادی کے حصول کے حوالے سے اہم کردار ادا کیاتھا ۔انہوں نے کہا کہ آج آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی جانب سے کئے گئے رفاہی کام لاکھوں کی تعداد تک پہنچ چکا ہے اور اس سے پاکستان بھی مستفید ہورہاہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اعتدال پسندی اور رواداری کی آواز کمزور ہورہی ہے اور ہم اس بات میں مصروف ہیں کہ مذہبی تصادم کے بارے میں کیا غور کیا جاسکتا ہے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ہم جہالت کے اندھیروں کو صرف تعلیم کی روشنی سے ہی شکست دے سکتے ہیں اور ہم اس حوالے سے تبدیلی لائیں گے۔وزیر اعلی سندھ نے عالمی امن و استحکا م کے حوالے سے ان کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ آپ صرف انسانیت کے اتحاد ویکجہتی کی بات کرتے ہیں اور آپ کی تمام انسانیت کے لیے بہترین خدمات ہیں۔ وزیر اعلی سندھ نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھی خوش آمدید کہتے ہوئے عشائیے میں اپنے بہت زیادہ مصروف شیڈول میں سے وقت نکال کر شرکت کرنے پر شکریہ اداکیا اوران کے ملتان میں ہونے والے گذشتہ روز کے تاریخی جلسے پر مبارک باد بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :