وزیراعلیٰ کا خپل کور رہائشی سکیم میں مزدوروں کا کوٹہ مقرر کرنے کا اعلان

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:38

وزیراعلیٰ کا خپل کور رہائشی سکیم میں مزدوروں کا کوٹہ مقرر کرنے کا اعلان
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے محکمہ ہائوسنگ اور بینک آف خیبر کے زیر اہتمام خپل کور رہائشی سکیم میں مزدوروں کا کوٹہ مقرر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کش معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور اُن کی فلاح و بہبود ہماری صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ۔انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت زندگی کے تمام شعبوں میں محنت کش طبقوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہے اسی طرح اُن کی رہائشی ضروریات کی تکمیل بھی ہمارے فلاحی ایجنڈے میں شامل ہے ۔

وہ متحدہ لیبر فیڈریشن کے نمائندہ وفد سے باتیں کررہے تھے جس نے فیڈریشن کے صوبائی صدر محمد اقبال کی زیر قیادت اُن سے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ملاقات کی اور محنت کش برادری کے بعض معروضات سے اُنہیں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے مزدوروں کی کم سے کم اُجرت 15 ہزار روپے مقرر کرنے اور اس مقصد کیلئے باقاعدہ قانون سازی کرکے اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنانے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیااور اُمید ظاہر کی کہ اُن کے دور حکومت میں محنت کش طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کا عمل جاری رہے گا۔

ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا عبد الطیف یوسفزئی ، سیکرٹری لیبر خیام حسن، ورکر ویلفیئر بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ بذات خود بھی محنت کش خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور اُنہوںنے مزدوروں اور کاشتکاروں کی خدمت سے اپنی سیاست کا آغاز کیا ہے پرویزخٹک نے کہاکہ اُنہیں بخوبی اندازہ ہے کہ محنت کشوں کی تنخواہ محدود ہوتی ہے اور اُنہیں مہنگائی کے موجودہ دور میں صبر اور قناعت کی زندگی گذارنا پڑتی ہے تاہم صوبائی حکومت اُن کی مشکلات سے چشم پوشی نہیں کرے گی اور اُن کے مسائل کے حل میں ہر طرح تعاون جاری رکھے گی لیبر کالونی میںمکانوں کے مالکانہ حقوق سے متعلق ایک مطالبے پر وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس کا ہمدردانہ جائزہ لے گی۔