چین کی تعمیراتی کمپنی چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے وفد کی پرویز خٹک سے ملاقات

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:37

چین کی تعمیراتی کمپنی چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے وفد کی پرویز ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے چین کی سرکاری سرمایہ کار اور تعمیراتی کمپنی چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن (سی آربی سی) کے ایک وفد نے ڈپٹی جنرل مینیجر لویان کی زیر قیادت وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور رشکئی صنعتی زون اور سی پیک سٹی میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ۔

صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل، ازمک کے چیف ایگزیکٹیو، بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین ، ایس ایس یو کے سربراہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے وزیر اعلیٰ نے پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ رشکئی زون سی پیک کے تناظر میں صوبے کا سب سے بڑے صنعتی اور معاشی مرکز کے طور پر ابھرنے کو ہے جس میں صوبے کی صنعتی پیداوار میں اضافے اور روزگار و کاروبار کے مواقع کی بڑے پیمانے پر گنجائش کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی کشش موجود ہے اور اسکے فوائد وقت کے ساتھ ساتھ مسلسل بڑھتے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کی طرف سے پیش کردہ تفصیلات کی روشنی میں صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام کو کمپنی کے ساتھ ایم او یو تیار کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں میں سرمایہ کاری کے علاوہ مختلف مراحل کی بروقت اور معیاری تکمیل کا واضح ٹائم لائن متعین ہونا چاہئے۔واضح رہے کہ اس کمپنی کے ساتھ حطار صنعتی بستی میں انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے پہلے ہی صوبائی حکومت ایم او یو پر دستخط کر چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :