تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں ،آئی جی پنجاب

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:34

تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس ..
لاہور۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور دہشت گرد و سماج دشمن عناصرکو قانون کی گرفت لانے کیلئے تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں ، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کم از کم سرکل افسر کی سطح کا افسر ان آئی بی اوز کی نگرانی کرے،پنجاب کے مختلف اضلاع میں عوامی سہولت کے لئے زیر تکمیل پولیس خدمت مراکز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ، ایف آئی آر کاپی، ڈرائیونگ لائسنس، کرایہ داری اندراج سمیت مختلف مسائل کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی او اور ڈی پی او ویڈیو لنک کانفرنس میں سینئر پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔ویڈیو لنک کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈ ی رائے محمد طاہر،ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یسین، ایڈیشل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقار خان اور ڈی آئی جی ایس پی یو فیصل علی رانا سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

عارف نواز نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے شروع کئے گئے پراجیکٹس بالخصوص فرنٹ ڈیسک، ہوٹل آئی اور ویلفیئر آئی کی مانیٹرنگ پرخاص توجہ دی جائے اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران خود ان پراجیکٹس کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیں۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں زیر تعمیر بیشتر پولیس سروس سنٹر مکمل ہوکر عوام کو خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہیں جبکہ باقی رہ جانے والے چند ایک خدمت مراکز کو آئندہ 15روز کے اندر مکمل کر لیاجائے گا جس کے بعد پنجاب کے تمام اضلاع میں عوام پولیس کے ان خدمت مراکز سے استفادہ کر سکیں گے۔

آئی جی پولیس نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں کرائم کی صورتحال کا جائزہ بھی لیاانھوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ Aکیٹیگری کے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کمانڈوز پر مشتمل پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو جدید اسلحے، بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی ہیلمٹس سمیت وضع کئے گئے ایس او پی کے مطابق بھرپور تیاری کے ساتھ ان مجرموں کے ٹھکانوں پر ریڈ کریں تاکہ معاشرے کے ان ناسوروں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہ رہ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں حساس تنصیبات، تعلیمی اداروں، دینی عبادت گاہوں، مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں، بنکوں اور بالخصوص کرسمس کی آمد کے حوالے سے گرجا گھروں کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دیں اوربڑے گرجا گھروں کی سیکیورٹی کیلئے جامع پلان تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کو ایک مہم کی شکل دے کر کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ سال کے اختتام میں کرائم کے گراف میں مزید کمی آسکے۔

آئی جی پنجاب نے تاکیدکی کہ دوران حراست یا تفتیش تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں لہٰذا اس کا ارتکاب کرنے والے اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرنٹ ڈیسک پر آنے والے تمام سائلین کے مسائل کے ازالے کیلئے اقدامات میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور عوامی مسائل کے ازالے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لا یاجائے۔

متعلقہ عنوان :