راولپنڈی، بوگس بھرتیوں اورتنخواہوں کی مد میں55لاکھ روپے کی خورد برد کے مقدمہ میں نامزد ڈپٹی اکائونٹس افسر،سینئر آڈیٹر اور سکول ہیڈ ماسٹر سمیت 6ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2017ء)اینٹی کرپشن راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے ایجوکیٹرز کی بوگس بھرتیوں اور ان کی تنخواہوں کی مد میں55لاکھ روپے کی خورد برد کے مقدمہ میں نامزد ڈسٹرکٹ اکائونٹ آفس راولپنڈی کے ڈپٹی اکائونٹس افسرسینئر آڈیٹر اور سکول ہیڈ ماسٹر سمیت 6ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کر دی ہیں جنہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا ہے اینٹی کرپشن پولیس نے ڈسٹرکٹ اکائونٹ آفس راولپنڈی کے ڈپٹی اکائونٹس افسرعبدالشکور، فاروق احمد،سینئر آڈیٹررئیس اعظم،جونیئرآڈیٹرزمحمد ارشاد، محمد افضال اورگورنمنٹ ہائی سکول خیابان سرسید کے ہیڈ ماسٹرتنویر احمدسمیت100سے زائد ملزمان کے خلاف گزشتہ سال15فروری کوگزشتہ سال15فروری کو5/2/27, 420,471,468کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر100درج کیا تھا جس میں ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے محکمہ تعلیم کی ملی بھگت سے سال2015میں ایجوکیٹرز کی خالی آسامیوں پر کلر سیداں میں 48ایجوکیٹرزکی بوگس بھرتیاں کیں بعد ازاں ان بوگس بھرتیوں کی تنخواہوں کی مد میں55لاکھ روپے خورد برد کئے اس مقدمہ میں مذکورہ 6ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانتیں کروا رکھی تھی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر عدالت نے تمام ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں جس پر اینٹی کرپشن پولیس نے تمام ملزمان کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس مقدمہ میں 100سے زائد ملزمان نامزد ہیں لیکن ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود پولیس دیگر ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی اینٹی کرپشن پولیس کے مطابق باقی ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔