ملک شاہ محمد وزیر نے پشاور رنگ روڈ پر روزانہ دن کے اوقات میںٹریفک جام سے متعلق موصول ہونیوالی شکایات پر نوٹس لے لیا

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے سوشل میڈیا اور ٹیلی فون کے ذریعے پشاور رنگ روڈ پر روزانہ داور باالخصوص دن کے اوقات میںٹریفک جام ہونے کے بارے میں موصول ہونے والی عوامی شکایات پر فوری نوٹس لے لیا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کے فوکل پرسن اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے متعلقہ حکام کو رینگ روڈ کا دورہ کرکے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

معاون خصوصی کی ہدایات کی روشنی میں بی آر ٹی پراجیکٹ کے فوکل پرسن خورشید خان نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کے ہمراہ رینگ روڈ کے حیات آباد تا کوہاٹ روڈ سیکشن کا دورہ کیا اور ٹریفک جام کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے عوام کی شکایات بھی سنیں اور ٹریفک کے حکام سے بھی معلومات حاصل کیں۔عوام اورٹریفک حکام کا کہنا تھا کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کی تعمیر کی وجہ سے لوگ مختص شدہ متبادل روٹس پر آمد ورفت کر رہے ہیں لیکن ان روٹس پر ٹریفک کا دبائو زیادہ ہونے اورباالخصوص دن کے اوقات میں مال بردار اور دیگر بڑی گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے،بیشتر لوگوں کی رائے تھی کہ رینگ روڈ اور دیگر متباد ل روٹس پر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لئے مال بردار اور بڑی گاڑیوں کے لئے علیحدہ لین مختص کیا جائے اور اگر ممکن ہو سکے تو مال بردار گاڑیوں کو شام کے اوقات کے بعد ہی رینگ روڈ سمیت دیگر روٹس پر آمد و رفت کرنے کا پابند بنایا جائے۔

متعلقہ حکام نے اپنی رپورٹ مرتب کرکے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ کو پیش کردی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ملک شاہ محمد خان نے اس سلسلے میں ٹریفک ،بی آر ٹی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کوپشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کی تعمیر کے باعث عوام کی آمد ورفت کے لئے رینگ روڈ سمیت تمام متبادل روٹس پر ٹریفک کی روانی کو بلا تعطل جاری رکھنے اور مال بردار اور بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت کو جاری کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ بی آر ٹی کی تعمیر کے باعث پشاور کے عوام کو عارضی طور پر کچھ عرصے کے لئے تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن انشاء اللہ بہت جلد وہ ایک جدید سفری سہولیات پر مشتمل ٹرانسپورٹ سروس سے مستفید ہوں گے۔ملک شاہ محمد نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکو ر ہے کہ وہ متبادل روٹس کے ذریعے آمد و رفت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اخبارات،ریڈیو اور سوشل میڈیا کے ذریعے جی ٹی روڈ سمیت دیگر متبادل روٹس کے استعمال سے متعلق عوام کو مسلسل آگاہ کیا جارہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :