جو لوگ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں وہ دراصل خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو قومی اسمبلی کے اضافی سیٹوں سے محروم کرنا چاہتے ہیں،چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد شیرپاؤ

ہفتہ 16 دسمبر 2017 21:04

جو لوگ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں وہ دراصل خیبر پختونخوا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ جو لوگ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں وہ دراصل خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو قومی اسمبلی کے اضافی سیٹوں سے محروم کرنا چاہتے ہیں لہٰذا یہ عناصر کس طرح عوام کے خیر خواہ ہوسکتے ہیں، قومی وطن پارٹی قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ اداروں میں ٹکرائو کی بجائے ہم آہنگی ہو ںتاکہ ملک معاشی ،سماجی اور اقتصادی طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

وہ ہفتہ کو کوٹ ترناب ضلع چارسدہ میں سوئی گیس کی فراہمی کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو اورممبر خیبر پختونخوا اسمبلی ارشد خان عمرزئی کے علاوہ پارٹی کے ضلعی عہدیدار اور ڈسٹرکٹ و تحصیل ممبران کے علاوہ پارٹی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپائو نے کہا کہ سیاستدانوں کی نااہلی پر خوشی یا حفگی کی بجائے عدالتی فیصلہ کو تسلیم کرکے ملک کی اصل مسائل کی طرف توجہ دینا چاہیے ۔

انھوں نے کہا کہ یہ ایک عدالتی فیصلہ ہے اور اس سلسلے میں سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھ کر کھینچا تانی کا سلسلہ بند کیا جائے تاکہ اہم ایشوز پر قومی مفاہمت پیدا کرکے ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالا جا سکیں،حلقہ بندیوں سے متعلق پانچ ممبرز پر مشتمل پارلیمنٹری کمیٹی کی تشکیل خوش آئندہے جس سے صوبہ میں نئی مردم شماری کے مطابق قومی اسمبلی کے نشستوں میں اضافہ ہو جائے گااور اس پر مزید وقت ضائع کئے بغیر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

آفتاب شیرپائو نے پی ٹی آئی کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہیے اور اگر وقت سے پہلے انتخابات کا انعقاد کیا گیا تو خیبر پختونخوا کے عوام قومی اسمبلی کے اضافی نشستوں سے محروم رہ جائیں گے۔ انھوں نے پاک افغان تعلقات کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات خطے اور دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے لہٰذاموثر حکمت عملی سے غلط فہمیوں کے خاتمے اور باہمی روابط مزید مضبوط بنانے میں اسلام آباد اور کابل کو اپنا اپنا کردا رادا کرنا چاہیے۔

آفتاب شیرپائو نے مزید کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی ، عوام کی خوشحالی اورخطے میں امن کا قیام قومی وطن پارٹی کا منشور اور ہماری سیاست کا محور ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے قومی وطن پارٹی کی جدوجہد جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم نے یہاں کے عوام اور صوبے کے حقوق کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کی ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔