نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے پمز سے جڑواں شہروں کے صحافیوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرلئے

این پی سی کے تمام ممبران کو آفیسر کیٹگری گریڈ 18 اور اوپر کے افسران کے برابر ان ٹائٹلمنٹ کی سہولت فراہم کیجائے گی، تمام ممبران کے ان ٹائٹل منٹ کارڈ جاری ہوں گے ممبران کے والد، والدہ، بیوی اور بچوں کو پمز میں وفاقی آفیسر کیڈر کے معیار کی مفت طبی سہولیات میسر ہوں گی پمز کے آڈیٹوریم میں تقریب، وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے صحافیوں میں ان ٹائٹل منٹ کارڈ بھی تقسیم کئے

ہفتہ 16 دسمبر 2017 20:50

نیشنل پریس کلب اسلام آباد  نے پمز سے جڑواں شہروں کے صحافیوں کو مفت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2017ء) نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) سے جڑواں شہروں کے صحافیوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ جس کے تحت این پی سی کے تمام ممبران کو آفیسر کیٹگری گریڈ 18 اور اوپر کے افسران کے برابر ان ٹائٹلمنٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

تمام ممبران کے ان ٹائٹل منٹ کارڈ جاری ہوں گے جس کے تحت ممبران کے والد، والدہ، بیوی اور بچوں کو پمز میں وفاقی آفیسر کیڈر کے معیار کی مفت طبی سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے صحافیوں میں ان ٹائٹل منٹ کارڈ بھی تقسیم کئے۔ اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد گزشتہ روز پمز کے آڈیٹوریم میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس میں وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم و سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں، فنانس سیکرٹری اسحاق چوہدری، صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس افضل بٹ، فیڈرل ہیلتھ رپورٹر ایسوسی ایشن کے صدر ندیم چوہدری، ممبران گورننگ باڈی این پی سی اور صحافیوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کا دن آرمی پبلک سکول کے معصوم شہداء کے نام ہے۔ انہوں نے اے پی ایس کے شہداء اور پاک فوج کے شہید جوانوں اور شہید صحافیوں کے لئے خصوصی طور پر فاتحہ خوانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے جب تک پاکستان میں ایک بھی دہشت گرد موجود ہے اس وقت تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

آنے والا دور دہشت گردی سے پاک ہوگا۔ ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی خواہش تھی کہ ہر صوبے میں صحافیوں کو قومی صحت کارڈ جاری ہوں جس پر کام جاری ہے اور بہت جلد مکمل کر دیا جائے گا۔ آج جو صحافیوں کو ان ٹائٹل منٹ ملا ہے یہ ان کا حق ہے کیونکہ پوری دنیا میں صحافیوں کو آزادی اظہار رائے، سیکورٹی اور صحت کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پمز کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر الطاف حسین نے کہا کہ پمز اور صحافیوں کا پہلے ہی سے بڑا قریبی تعلق رہا ہے کیونکہ ملک میں بڑے سانحات کے وقت لمحہ بہ لمحہ معلومات کی فراہمی میڈیا کے ذریعے ہی پمز فراہم کرتا ہے۔ میڈیا کی مثبت تنقید کو ہم اپنے لئے بہتر سمجھتے ہیں جس سے سسٹم میں بہتری آنے میں آسانی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پمز کی ان ٹائٹل منٹ پر صحافیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اب وہ کسی سفارش کی بجائے اپنا علاج معالجہ کا حق لیں گے۔ اس موقع پر صحافیوں کو پمز میں انتظامی امور کی بہتری کیلئے اٹھائے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس سے پہلے آر آئی سی سے بھی معاہدہ کیا ہے جہاں اب تک پندرہ صحافیوں کے کامیاب آپریشن ہو چکے ہیں اور ہمیں ایک روپیہ بھی ادا نہیں کرنا پڑا۔

امید ہے کہ پمز کے ساتھ ہمارا یہ معاہدہ بھی صحافیوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ سیکرٹری نیشنل پریس کلب عمران یعقوب ڈھلوں نے کہا کہ صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجہ کی سہولیات کیلئے مسائل کا سامنا تھا اور ہم نے آج یہ دیرینہ مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی ہے ہمارے تمام 28 سو ممبران کو ان ٹائٹل منٹ کی سہولت ملی ہے اس پر ہم وفاقی حکومت، وزارت کیڈ اور پمز انتظامیہ کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے اس مسئلے کو سمجھا اور اس کے حل کے لئے عملی اقدام اٹھایا۔

صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ صحافیوں کیلئے سہولت کا باعث بنے گا انہوں نے پمز کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور پمز انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے نئے اقدامات کو سراہا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔زیاد قاضی

متعلقہ عنوان :