’’القدس ملین مارچ‘‘(کل) ہو گا ،تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے

حافظ نعیم الرحمن نے حسن اسکوائر کا دورہ کیا ،انتظامات کا جائزہ لیا اور عوام کو فلسطین کے جھنڈے تقسیم کیے عوام ایمانی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ شریک ہوں ،مارچ صرف جماعت اسلامی کا نہیں پوری امت کا ترجمان ہو گا،حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 16 دسمبر 2017 20:45

’’القدس ملین مارچ‘‘(کل) ہو گا ،تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2017ء) جماعت اسلامی کے تحت قبلہ اوّل کے خلاف امریکی و یہودی سازشوں و کوششوں ، بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی جدو جہد سے اظہار ِ یکجہتی اور اتحاد امت کے بھر پور اظہار کے لیے اتوار 17دسمبر کو 3بجے دن نیپا چورنگی تا حسن اسکوائر عظیم الشان ’’القدس ملین مارچ ‘‘ ہو گا ۔

شہر بھر سے لاکوں مردو وخواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ’’القدس ملین مارچ ‘‘سے خصوصی خطاب کریں گے ۔القدس ملین مارچ کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔امیر جما عت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حسن اسکوائر کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ ذمہ داران کو ضروری ہدایات دیں ۔اس مو قع پر عوام کے اندر بڑی تعداد میں فلسطین کے جھنڈے بھی تقسیم کیے گئے ۔حافظ نعیم الرحمن نے اس مو قع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کراچی کے عوام ،تمام طبقات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مردوخواتین سے اپیل کی کہ پورے ایمانی جذبے اور بھر پور جوش و خروش کے ساتھ جوق درجوق اپنی فیملی کے ہمراہ ’’القدس ملین مارچ ‘‘میں شر یک ہوں اور امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ ،امت کے خلاف سازشوں و کوششوں کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی جدو جہد کے ساتھ بھر پور اظہار ِ یکجہتی کریں ۔

’’القدس ملین مارچ ‘‘ صرف جماعت اسلامی کا مارچ نہیں بلکہ پوری امت کے احساسات و جذبات کا ترجمان ہو گا۔قبلہ اوّل ہر کلمہ گو شخص کے لیے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے بعد انتہائی قابلِ احترام ہے ۔القدس کی آزادی اور تحفظ پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا جا سکتا ہے ۔

امریکی صدر ٹرمپ نے پوری امت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے اس کا جواب عالم اسلام کو اپنے اتحاد و یکجہتی سے دینا ہو گا ۔عالم اسلام کے اکثر حکمران اس چیلنج کے مقابلے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے اور مسلم عوام کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کر نے کے بجائے غلامانہ کردار ادا کر رہے ہیں ۔حکومت پاکستان نے بھی امریکہ کے اس فیصلے کے خلاف قوم کی ترجمانی نہیں کی اور معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا ہے ۔

ان حالات میں ’’القدس ملین مارچ ‘‘ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔اس سے عالمی سطح پر پیغام جائے گا کہ حکمران خواہ کوئی بھی مؤقف اختیار کریں مسلم عوام زندہ اور بیدار ہیں ۔دریں اثناء ’’القدس ملین مارچ ‘‘ میں لاکھوں مردو خواتین کی شر کت کی پیش ِ نظربڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر سے آنے والے جلوسوں ،ریلیوں اور قافلوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سب نیپا چورنگی پہنچیں ۔

وہاں سے حسن اسکوائر تک مارچ کیا جائے گا اور سڑک کا ایک ٹریک مردوں اور دوسرا ٹریک خواتین کے لیے مختص کیاگیاہے ۔حسن اسکوائر پر موجود بالائی گزر گاہ کو اسٹیج بنایا جائے گا ۔جہاں سے قائدین خطاب کریں گے ۔ ’’القدس ملین مارچ ‘‘ کی کوریج کے لیے قومی و بین الاقوامی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو خصوصی دعوت دی گئی ہے اور میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے بڑی پریس گیلری بنائی گئی ہے ،جبکہ سوشل میڈیا کے لیے بھی علیحدہ سے کیمپ لگایا گیا ہے ۔

’’القدس ملین مارچ ‘‘ کی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں شہر بھر میں ہفتہ کے روز بھی درجنوں مقامات پر کیمپ لگائے گئے جہاں سے عوام کو ’’القدس ملین مارچ ‘‘ میں شر کت کی دعوت دینے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ۔جماعت اسلامی کے مردو خواتین کارکنان اور ذمہ داران ہفتہ کے روز بھی سارا دن سر گرم ِعمل رہے ۔عوام کی جانب سے زبردست جوش و خروش اور مثبت ردّ عمل کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور امید ہے کہ ’’القدس ملین مارچ‘‘ کراچی کے عوام کا تاریخی اور یادگار مارچ ثابت ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :