عدلیہ کے فیصلے پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این دونوں کے لیے بہتر رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کو ہمیشہ الگ نظر سے دیکھا گیا ہے،وزیراعلی سید مراد علی شاہ

ہفتہ 16 دسمبر 2017 20:18

عدلیہ کے فیصلے پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این دونوں کے لیے بہتر رہے ہیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این کے حوالے سے مثبت فیصلہ آیا ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کو ہمیشہ الگ نظر سے دیکھا گیا ہے۔انہوں نے یہ بات کرن ستارہ کے ایک پروگرام جو کہ ’’شی لیڈز‘‘ کے بینر تلے ٹی بی کے خلاف جنگ کے حوالے سے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کی جانب سے پی اے ایف میوزیم میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین اور حدیبیہ پیپر ملز کے مقدمات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ اس فیصلے پر کوئی کمنٹس نہیں دے سکتے مگر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ عدلیہ کے فیصلے پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این دونوں کے لیے بہتر رہے ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کو الگ نظر سے دیکھاگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کیا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 2018 کے آنے والے انتخابات عمران خان کے لیے آخری الیکشن ثابت ہوں گے کیونکہ وہ اب نوجوانوں کے لیڈر نہیں رہے ہیں بلکہ بلاول بھٹو زرداری اس ملک کے نوجوانوں کے حقیقی لیڈر ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

پبلک اسکول پشاور کے سانحے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بچوں کی مسکراہٹیں اور اٴْن کی مہک آج بھی ان کی یادوں میں تر و تازہ ہیں،ہم انہیں نہیں بھلا سکتے وہ ہمارا مستقبل تھے اور ان کی بڑی قربانیاں ہیں جس کے نتیجے میں قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد ہوئی۔قبل ازیں’’ شی لیڈز کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج 10000 طالبات کے ساتھ یہاںموجود ہوں جس پر مجھے فخر محسوس ہورہاہے اور میں اس فورم کے مثبت جذبے کو حقیقی معنوں میں محسوس کرسکتا ہوں اور ہمیں آپ کی توانائی ، تخلیق اور جذبے کے ساتھ اپنے ملک کی قیادت کرنے کی ضرورت ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ آج کی نوجوان نسل بالخصوص خواتین کی تعداد دنیا میں زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہر تین افراد میں سے ایک کی عمر 30 سال کی ہے اور تقریباً 90فیصد نوجوان لوگ ترقی یافتہ ممالک جیسے پاکستان میں رہ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آپ ہمارا مستقبل ہو اور آپ لوگوں کو مستقبل میں اور دنیا کے درپیش چیلنجز کے حوالیسے اہم کردار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک،انٹر ایکٹیو ریسرچ اور ڈیولپمنٹ، محکمہ تعلیم حکومتِ سندھ اور کرن ستارہ پروگرام کی مشترکہ کاوشوں کے تحت ترقی بالخصوص تبدیلی کے وقت کے دوران حصہ لینے کے حوالے سے اس کی اہمیت پر زور دیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کرن ستارہ نوجوانوں کی صحت اور قیادت کے پروگرام کے تحت نوجوان طالبات کو سیکنڈری اسکول کی سطح پر موبیلائز کیا جارہا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ یہ جانتے ہیں کہ لڑکیوں اور خواتین کے لیے تعلیم میں سرمایہ کاری معاشرے کی ترقی اور بہتری کی چابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت تبدیلی ممکن ہے اگر ہم مل کر کام کریں، اس وقت ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے وہ گلوبل سطح کے ہیں مگر ان کا مقامی سطح پر حل کا مطالبہ کیاجاتا ہے۔ اس حوالے سے آپ کو اپنی کمیونٹی یعنی گھر سے لے کر کلاس روم تک کام کا آغاز ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ کرن ستارہ پروگرام ’’آئو ٹی بی مٹائو‘‘ کا حصہ ہے جس کے تحت نو عمر کے لڑکیوں کی قیادت کے اسکلز میں اضافے اور ان کو تربیت فراہم کرکے ان کے اعتماد میں اضافہ اور تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس وقت اس پروگرام کے تحت نوجوان لڑکیوں کو تربیت دی جارہی ہے کہ کس طرح ٹی بی کی بنیادی علامت کی نشاندہی کی جاسکتی ہے اور انہیں یہ تربیت دی جارہی ہے وہ لوگوں کو صحت کے حوالے سے مزیدٹیسٹ کرانے کے لیے صحت کے مراکز بھیجیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نوجوان لوگ بہت بڑے چینج میکر ہوتے ہیں اور ایک اچھا لیڈر ،ایک اچھا سننے والا ہوتا ہے اور ایک اچھا لیڈر ایک بہتر پیروی کرنے والا بھی ہوتاہے۔انہوں نے نوجوان لڑکیوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ میں قیادت کی صلاحیت موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :