سوشل میڈیا کا زیادہ، فالتو استعمال لوگوں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے، فیس بک کا اعتراف

ہفتہ 16 دسمبر 2017 20:18

سوشل میڈیا کا زیادہ، فالتو استعمال لوگوں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے، فیس ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2017ء) دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ سوشل میڈیا کا زیادہ اور فالتو استعمال لوگوں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔تاہم ساتھ ہی فیس بک نے یہ بھی وضاحت کردی کہ یہ صارف کی پسند پر منحصر ہے کہ وہ سوشل میڈیا کا کس طرح استعمال کرتا ہے، برے اور فالتو مقصد سے سوشل میڈیا کا استعمال خطرناک ہوسکتا ہے۔

فیس بک کی جانب سے یہ اعترافی بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب کہ اس کے پہلے صدرسین پارکراورسابق نائب صدرچماتھ پلیہپیتیا کی جانب سے یہ بیانات دیے گئے کہ فیس بک لوگوں کو سماج سے الگ کر رہا ہے۔فیس بک کے سابق ملازمین نے اعتراف کیا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ ایسے ٹولز بنانے میں ویب سائٹ کے شراکت دار رہے، جنہیں استعمال کرتے ہوئے عام عوام کی بہتری، کسی کے ساتھ تعاون اور غلط معلومات کو پھیلنے سے روکنے سے متعلق کوئی مدد نہیں لی جاسکتی۔

(جاری ہے)

فیس بک کے پہلے صدر سین پارکر نے 30 نومبر کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ سماجی رابطے کی یہ ویب سائٹ دنیا کو دیوانہ بنا رہی ہے اور اسے ممکنہ طور پر لوگوں کی زندگیاں تباہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔سین پارکر کے بعد تین دن قبل ہی سابق نائب صدرچماتھ پلیہپیتیا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے سوشل ویب سائٹ کے صارفین کی تعداد بڑھانے کے لیے ایسے ٹولز بنائے، جن سے زیادہ سے زیادہ لوگ ویب سائٹ کو استعمال کرنے لگے اور سماج سے بے خبر ہوتے گئے۔

انہوں نے پچھتاوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ انہوں نے ایک ایسی ویب سائٹ کے لیے مدد فراہم کی، جس نے لوگوں کو سماج سے الگ کردیا۔ان دونوں کے بیان کے بعد فیس بک کی جانب سے اپنی بلاگ پوسٹ اور ویڈیو میں بھی اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ سوشل میڈیا کا حد سے زیادہ اور فالتو استعمال خطرناک ہوسکتا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :