بھارتی سرحد کیساتھ چین نے دفاعی پوزیشن مضبوط بنا لی

اس سال سخت سردی میں معمول کے خلاف چینی فوجی دستے واپس نہیں بلائے گئے علاقے میں چین کی 9تین منزلہ عمارتیں اور 300فوجی گاڑیاں موجود ہیں ،بھارت کا واویلا

ہفتہ 16 دسمبر 2017 20:14

بھارتی سرحد کیساتھ چین نے دفاعی پوزیشن مضبوط بنا لی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2017ء) ڈوکلام کے محاذ پر چین نے اپنی دفاعی صلاحیت مضبوط بنا لی ہے ،یہ وہی علاقہ ہے جہاں اس سال چینی اور بھارتی فوجوں میں کشیدگی پیدا ہوئی تھی اور بھارتی فوجی دستے چینی علاقے میں گھس آئے تھے ،چین نے اب سرحد تک ایک سڑک تعمیر کر لی ہے اور اس نے اپنی دفاعی صلاحیت کو بھی مضبوط کر لیا ہے ۔

سائوتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی اطلاعات کے مطابق بھارتی جارحیت کے باعث چین کو اس علاقے میں اپنی پوزیشن زیادہ مضبوط بنانا پڑی ہے اور وہ علاقے میں مستقبل میں کسی بھی مسئلے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔اگرچہ بھارتی ذرائع ابلاغ اس پر واویلا مچا رہے ہیں تاہم چین یہ سب کچھ اپنے علاقے میں کررہا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق جہاں چین نے اپنا دفاعی انتظامی ڈھانچہ بہتر بنا لیا ہے جہاں نئی مارٹر اور گنیں نصب کر دی گئی ہیں ،پانچ سے دس کلومیٹر کے علاقے میں سردی کے دو ماہ کے دوران چین اپنے فوجی دستے واپس بلا لیا کرتا تھا لیکن اس سال یہ فوجی دستے سخت ترین سردی میں بھی وہاں تعینات رہیں گے ۔

(جاری ہے)

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق علاقے میں چین نے 9 تین منزلہ عمارتیں تعمیر کر لی ہیں جبکہ اس کی 300فوجی گاڑیاں بھی وہاں موجود ہیں ۔ سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر کے مطابق تبت کی یاڈانگ کائونٹی میں چینی فوجی دستے موجود ہیں ۔اطلاعات کے مطابق چمبی وادی میں بھارتی سرحد سے 50کلومیٹر کے فاصلے پر چینی فوجی دستے موجود ہیں جہاں چین اور بھوٹان آپس میں ملتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :