عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و بربریت پر خاموش نہیں رہنا چاہیئے، بھارتی جارحیت اور تشدد آمیز اقدامات غیور کشمیریوں کے حوصلوں اور جدوجہد کو دبا نہیں سکتے، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف

ہفتہ 16 دسمبر 2017 19:24

عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و بربریت پر خاموش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے بیگناہ کشمیریوں پر مظالم اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت پر خاموش نہیں رہنا چاہیئے، بھارتی جارحیت اور تشدد آمیز اقدامات غیور کشمیریوں کے حوصلوں اور جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔

ہفتہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے مقبوضة کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنیوالے کشمیریوں پر تشدد اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر 15دسمبر کو کشمیری رہنمائوں اور کارکنوں کو ’آننت ناگ چلو‘ریلی میں شرکت سے روک کر گرفتار کیا جو کشمیری عوام کے اجتماع اور احتجاج کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنمائوں کے گھروں پر چھاپے ،تشدد آمیز کارروائیاں اور بھارتی حکام کی جارحیت کشمیری عوام کے حوصلوں اور عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنمائوں کو جھوٹے کیسوں میں الجھانا،گرفتاریوں کے زریعے ہراساں کرنا،تشدد آمیز اقدامات اور بار بار عدالتوں میں طلب کرنا بھارتی سٹریٹجی کا دوسرا بد ترین عنصر ہے۔

15سال پرانے کیس میں مقامی عدالت میں پیشی کیلئے سنیئر حریت رہنماء سید علی گیلانی کو نوٹس اس کی تازہ مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام فرد جرم عائد کئے بغیر کشمیری رہنمائوں کو گرفتار اور جھوٹے کیس بنا کر انہیں ہراساںکر رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اسے بھارتی افواج کی ظلم و بربریت پر خاموش نہیں رہنا چاہیئے۔

متعلقہ عنوان :