خواتین کی معاشی بااختیاری میں سرمایہ کاری غربت کے خاتمے اور خواتین کی مالی نظام میں شمولیت کی جانب براہ راست راستہ ہے

وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کا اجتماع سے خطاب

ہفتہ 16 دسمبر 2017 19:02

خواتین کی معاشی بااختیاری میں سرمایہ کاری غربت کے خاتمے اور خواتین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے کہا ہے کہ خواتین کی معاشی بااختیاری میں سرمایہ کاری غربت کے خاتمے اور خواتین کی مالی نظام میں شمولیت کی جانب براہ راست راستہ ہے۔ موثر کارکردگی، شفافیت اور خدمات کی فراہمی کے بہتر معیار کیساتھ بی آئی ایس پی اپنی مستحقین کی نہ صرف مالی اور تعلیمی بہتری بلکہ غذائیت، صحت اور بااختیاری کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال وہاڑی میں بی آئی ایس پی مستحقین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ، ایم پی اے فرحت منصور، ایم پی اے میاں ثاقب خورشید، ڈسٹرکٹ چیئرمین پیر غلام محی الدین چشتی اور ڈی سی وہاڑی علی اکبر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مستحقین سے ملاقات کے دوران، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے انہیں بتایا کہ اے ٹی ایم استعمال کرنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر قابو پانے کیلئے بی آئی ایس پی جلد ہی وہاڑی میںادائیگی کے نظام کو بائیو میٹرک تصدیق کے نظام (بی وی ایس)پر منتقل کردے گا جس کی بدولت مستحقین اپنے شاختی کارڈ اور انگوٹھے کے نشان کی تصدیق کے ذریعے اپنے وظائف کی رقوم بینکوں سے نکال سکیں گی۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بی آئی ایس پی کو وسعت دینے اور پروگرام میں مزید مستحق افراد کو شامل کرنے کیلئے ، بی آئی ایس پی ملک گیر سروے کیساتھ تین ماہ کے اندر وہاڑی میں ری سروے کا آغاز کردے گا۔ انہوں نے سیاسی قیادت اور مقامی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ سروے کے عمل کو کامیاب بنانے کیلئے بی آئی ایس پی سروے ٹیموں کیساتھ تعاون کریں۔

سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ، وزیر مملکت نے کہا پاکستان مسلم لیگ ن جلد ہی موجودہ صورتحال سے باہر نکل آئے گی اور 2018کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اپنے کارکنان کی خدمات کو سراہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم این اے تہمینہ دولتانہ ان کی رول ماڈل ہیں اور انہوں نے ان کے تجربے سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ انہیں ماروی میمن پرفخر ہے جن کی کامیابی کا راز انکی عاجزی ہے۔ انہوں نے پورے ملک کی مستحقین کی بہتری کیلئے ماروی میمن کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن غریب افراد کیلئے کام کرتی رہے گی اور اپنے ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھی گی۔ ایم پی اے فرحت منصور نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن 2018کے انتخابات جیت جائیگی۔ ایم پی اے ثاقب خورشیدنے وہاڑی میں چیئرپرسن کو خوش آمدید کہا اور پیر غلام محی الدین چشتی نے غریب افراد کی فلاح و بہبودکیلئے ماروی میمن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ملک کی خوشحالی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی کامیابیوں کیلئے دُعا بھی کرائی۔

متعلقہ عنوان :