مظلوم ظلم کو قبول کر لے تو ظالم قوت پکڑتا ہے‘ڈاکٹر طاہر القادری

سانحہ ماڈل ٹائون میں ظلم کرنیوالے اور ظلم کا مقابلہ کرنیوالے دونوں کو تاریخ یاد رکھے گی

ہفتہ 16 دسمبر 2017 19:00

مظلوم ظلم کو قبول کر لے تو ظالم قوت پکڑتا ہے‘ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2017ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ جب مظلوم ظلم کو قبول کر لے ،خوف،مصلحت اور لالچ کا شکار ہو جائے تو اس سے ظالم قوت پکڑتا ہے، شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء نے وقت کے فرعونوں اور نمرودوں سے ٹکر لے کر ڈٹے رہنے کے حوالے سے جرأت و بہادری اور استقامت کی نئی تاریخ رقم کی،یہ قربانیاں ظالم نظام کے خلاف دی گئیں کبھی رائیگاں نہیں جائینگی، جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کا پبلک ہونا انصاف کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے، یہ رپورٹ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کے پر عزم رہنے کا نتیجہ ہے، انشاء اللہ تعالیٰ انہی پرعزم ورثاء سے مل کر سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء سے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹائون کے زخمی اور اسیر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور ،نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم ،ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن سید امجد علی شاہ، امیر لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل،نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ اور طیب ضیاء بھی موجود تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے ملاقات کے بعد شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کے ہمراہ شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔