پاکستان کی تعمیر و ترقی اورمعیشت کے استحکام میں بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوںکا کرداربہت اہمیت کا حامل ہے‘شہبازشریف

پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے پیش نظر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کاآئینی ادارہ قائم کیا ہے،ادارے کے قیام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیو ں کو انکا حق دیا، ادارہ ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کر کے انہیں ریلیف دے چکاہے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام کی بدولت اب کوئی بیرون ملک مقیم عظیم پاکستانیوں کی جائیداد یا رقم پر ہاتھ صاف نہیں کر سکتا ہمارا ہر منصوبہ شفافیت ، دیانت اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے ،وزیراعلیٰ شہبازشریف کی لندن میں مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 16 دسمبر 2017 18:56

پاکستان کی تعمیر و ترقی اورمعیشت کے استحکام میں بیرون ملک بسنے والے ..
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہبیرون ممالک بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیںاورپنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے پیش نظر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کاآئینی ادارہ قائم کیا ہے،یہ ادارہ ملک کے عظیم سفیروں کی محنت کی کمائی کو تحفظ دینے کی ذمہ داری بطریق احسن نبھا رہاہے اوریہ کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوںکی جائیداد کے تحفظ کا ضامن بن چکاہے،ادارہ دیار غیر میں رہنے والوں کے مسائل حل کرنے میں موثر کردار ادا کررہاہے،اس متحرک ادارے کے قیام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیو ں کو ان کا حق دیا گیاہے، یہ ادارہ ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کر کے انہیں ریلیف دے چکاہے ،پاکستان کی تعمیر و ترقی اورمعیشت کے استحکام میں بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوںکا کرداربہت اہمیت کا حامل ہے ،اتحاد اوراتفاق کی قوت سے پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے یہ بات لندن میں مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام کی بدولت اب کوئی بیرون ملک مقیم عظیم پاکستانیوں کی جائیداد یا رقم پر ہاتھ صاف نہیں کر سکتا۔بیرون ممالک رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی لائق تحسین ہے اوراوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ادارے کی محنت اور جذبہ قابل ستائش ہے۔

انہوںنے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے ٹیم ورک کی اعلی مثال قائم کی ہے۔ ادارے نے لالچ ، حرص اور خوف کی بیڑیوں کو توڑ کر پاکستانیوں کی خدمت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی معیشت کی مضبوطی میں اوورسیز پاکستانیز کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں نے دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

تعلیم،صحت،کھیل، ٹیکنالوجی اوردیگر شعبوںمیںان عظیم پاکستانیوں نے ملک و قوم کا نام روشن کیاہے۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے ادارے کا قیام بھی خدمت خلق کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہمیں ملکراسے عظیم سے عظیم تر بنانا ہے ۔سب ملکرجذبے،محنت اورلگن کیساتھ کام کریںتو ملک کے حالات جلد بدل جائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو آج کئی مسائل کا سامنا ہے۔ ہمیں اجتماعی بصیرت اورکاوشوں سے ملک کو مسائل کے چنگل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرناہے۔کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ اگر قوم ملک کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کرلے اور محنت ،امانت اوردیانت کوشعار بنا نے کا عزم کرلے تو منزل کے حصول میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوسکتی۔

انہوںنے کہا کہ ایمانداری ،سچائی اورخلوص نیت سے عوام کی خدمت کرنیوالی قیادت کو عوام ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔ ہم نے ایک قوم بن کر ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ تمام طبقات ایک ہوجائیں اور مل کر کوشش کریں تو وہ وقت دورنہیں کہ ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ مجھے یقین ہے کہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجود پاکستانی قوم عظیم قوم بنے گی۔

انہوںنے کہا کہ دہشت گردی اورتوانائی بحران کے خاتمے کیلئے بے مثال اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوئے ہیں اورسیاسی و عسکری قیادت کی ہم آہنگی کے باعث دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں ملی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سابق دور میں توانائی بحران حل کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا بلکہ بد ترین مجرمانہ غفلت برتی گئی۔ مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے دن رات ایک کرکے توانائی بحران پر توجہ مرکوز کئے رکھی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات بارآور ثابت ہوئے ہیں ۔

حکومتی کاوشوں کے باعث آج پاکستان میں لوڈشیڈنگ کاجن قابو میں آچکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے میرٹ، شفافیت اورمنصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کا کلچر متعارف کرایا ہے ۔ہمارا ہر منصوبہ شفافیت ، دیانت اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :