فاٹا کا نظام ایک صدی پرانا ہے جسے سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا جائیگا ،ْ وزیر اعظم

مسلم لیگ (ن) ووٹوں کی نہیں خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ،ْمسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں اپنی اس کارکردگی کے ساتھ ہی جائے گی ،ْشاہد خاقان عباسی ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور مسلح افواج نے ملکر دہشت گردی سے مقابلہ کیا ،ْ بچی کھچی دہشت گردی کو بھی ملک سے ختم کر دیا جائے گا ،ْجلسے سے خطاب 128کلومیٹر طویل سرائے گھمبیلا، کوہاٹ سیکشن اور 73کلومیٹرپنڈی گھیپ کوہاٹ سڑک کو دو رویہ کرنے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ہفتہ 16 دسمبر 2017 18:30

فاٹا کا نظام ایک صدی پرانا ہے جسے سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا جائیگا ..
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فاٹا معاملے کو سب سے پہلے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی اٹھایا تھا ،ْفاٹا کا نظام ایک صدی پرانا ہے جسے سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا جائیگا ،ْمسلم لیگ (ن) ووٹوں کی نہیں خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ،ْمسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں اپنی اس کارکردگی کے ساتھ ہی جائے گی ،ْملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور مسلح افواج نے ملکر دہشت گردی سے مقابلہ کیا ،ْ بچی کھچی دہشت گردی کو بھی ملک سے ختم کر دیا جائے گا۔

ہفتہ کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے دورہ کوہاٹ کے موقع پر 128کلومیٹر طویل سرائے گھمبیلا، کوہاٹ سیکشن اور 73کلومیٹرپنڈی گھیپ کوہاٹ سڑک کو دو رویہ کرنے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔

(جاری ہے)

128کلومیٹر طوالت والے سرائے گھمبیلا، کوہاٹ سیکشن پر لاگت کا تخمینہ 22ارب روپے جبکہ 73کلومیٹرپنڈی گھیپ کوہاٹ سڑک کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کی کی لاگت 10ارب روپے ہے اور یہ منصوبے دوسال میں مکمل ہوں گے۔

وزیر اعظم نے دورے کے دوران 98کروڑ روپے کی لاگت سے کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی کے وویمن کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ بعد ازاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ (ن) لیگ واحد جماعت ہے جو صرف باتیں نہیں کام بھی کرتی ہے ،ْاسی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)خدمت کی سیاست کرتی ہے ،ْالزام کی نہیں اور نواز شریف نے جو بھی وعدے کیے وہ پورے کیے ہیں ،ْ20 سال میں وہ کام نہیں ہوئے جو 4 سال میں کیے ،ْمسلم لیگ(ن)کی حکومت نے ملک میں انتشار کا مقابلہ کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ فاٹا کے معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم ایک سو سال سے زائد پرانے نظام کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ووٹوں کی نہیں خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ آمرکی حکومت رہی، پیپلزپارٹی کی حکومت رہی لیکن کوئی کام نظر نہیں آتا۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومتی کارکردگی کو سہراتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے موجودہ دورِ اقتدار میں جتنے منصوبے لگے ہیں اتنے منصوبے 2000 سے 2013 تک نہیں لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان میں جتنی ترقی ہوئی ہے اتنی پاکستان میں کبھی نہیں ہوئی۔انہوں نے سوال کیا کہ ملک میں گشتہ 17 سالوں میں 2000 سے 2008 تک فوجی آمر کی حکومت رہی اس کے پاس وسائل بھی موجود تھے تاہم ملک میں ترقیاتی منصوبے نہیں لگائے گئے اس کے علاوہ 5 سال تک پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومت رہی اور تب بھی پاکستان میں نمایاں ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔

وزیراعظم پاکستان نے الیکشن 2018 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں اپنی اس کارکردگی کے ساتھ ہی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جلسوں سے کبھی کسی کو گالی نہیں دی گئی اور نہ ہی کبھی کسی کی برائی کی گئی۔وفاق کے زیر انتظام علاقے (فاٹا) اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج ملک میں فاٹا اور خیبر پختونخوا انضمام کے حوالے سے بڑے بڑے جلسوں میں بات کی جاتی ہے لیکن اس معاملے کو سب سے پہلے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی اٹھایا تھا اور اسے مسلم لیگ (ن) کی ہی حکومت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کا نظام ایک صدی پرانا ہے جسے سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا جائیگا اور حکمراں جماعت اس نظام کو ختم کر کے فاٹا کو پاکستان میں ضم کر دے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کی سیکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہے، پورا پاکستان محفوظ ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) سانحے کو 3 سال گزر گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور مسلح افواج نے ملکر دہشت گردی سے مقابلہ کیا اور ملک کو اس لعنت سے پاک کیا اور بچی کھچی دہشت گردی کو بھی ملک سے ختم کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت اس وقت بڑی تعداد میں منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے جو چھوٹے نہیں بلکہ بڑے منصوبے ہیں۔اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کوہاٹ میں لڑکیوں کی یونیورسٹی کا جو افتتاح کیا گیا ہے وہ اس علاقے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :