سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013کے تحت صوبائی مالیاتی کمیشن کے اعلان کا مطالبہ کردیا

ہفتہ 16 دسمبر 2017 18:07

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2017ء) غیر سرکاری تنظیم سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور گڈگورننس ڈسٹرکٹ کولیشن نے خیبرپختونخواہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013کے تحت صوبائی مالیاتی کمیشن کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے،سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور گڈگورننس ڈسٹرکٹ کولیشن نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے خیبرپختونخواہ صوبائی حکومت نے سال2017-18کیلئے پی ایف سی ایوارڈ کا اعلان نہیں کیا جبکہ گزشتہ ایوارڈکا اعلان سال 2016-17 کے لئے کیا گیا تھا انہوں نے صوبائی حکومت سے اس بات کا بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ خیبرپختونخواہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 خاص طور پر اس کے سیکشن 53کے نفاذ کو یقینی بنائیں جس کے تحت صوبائی مالیاتی کمیشن نے صوبائی حکومت سے ضلعی حکومت کو فنڈز کی منتقلی کے لیے سفارشات مرتب کرنی ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار غیر سرکاری تنظیم سی پی ڈی آئی کی پراجیکٹ منیجر شمائلہ ،راجہ شعیب ،شمس الہادی اور سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے محمد عارف نے چارسدہ میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-Aکا حوالہ دیتے کہا کہ صوبائی مالیاتی کمیٹی کے قیام کا مقصد مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کو مالی ذمہ داری اور اختیارات کی منتقلی تھا۔

آئین کے اس آرٹیکل کا مقصد مقامی حکومتی نظام کو مضبوط بنانا ہے،اگر پی ایف سی ایوارڈ کا اعلان نہیں کیا گیا تو مقامی حکومتوں کا نظام کمزور ہوگااور ایک کمزور نظام لوگوں کی امنگوں کے مطابق اپنا کردار ادا نہیں کر پائے گا،سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور گڈگور ننس ڈسٹرکٹ کولیشن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صوبائی حکومت پی ایف سی ایوارڈ کا اعلان کر نے کے لئے فوری اقدامات کرے۔

آخر میں انہوں نے یہ امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت جمہوریت کے لئے اپنے عزم کا احساس کرتے ہوئے مقامی حکومت کو ان کے مالی وسائل کے استعمال میں مزید آزادی دے گا۔سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے حال ہی میں سینٹر فار پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انیشیٹوز کے ساتھ ملکر یورپی یونین اور فریڈک نومین فاؤنڈیشن فار فریڈم کے تعاون سے شروع کیے گئے چار سالہ منصوبے "ڈیموکریٹک لوکل گورننس فار ڈیویلپمنٹ ان پاکستان"پر کام کا آغاز کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :